عمران خان اور پاکستان دشمن طالبان ایک ہی سکے دو رخ کیسے؟

عمران خان اور پاکستان دشمن طالبان ایک ہی سکے دو رخ کیسے؟ملک کے طول و عرض میں ایک بار پھر دہشتگردی اور شدت پسندی کا عفریت اپنے پر پھیلا رہا ہے۔ افغان طالبان کی سہولتکاری کے نتیجے میں ٹی ٹی پی کے شرپسند عناصر سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب حکومت اور فوجی اسٹیبلشمنٹ طالبان سے کسی قسم کے مذاکرات کی بجائے عزم استحکام آپریشن کے ذریعے مربوط حکمت  عملی کے تحت طالبان کا قلع قمع کرنے کے مشن پر کاربند ہیں۔ تاہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان میں طالبان کے دوبارہ مضبوط ہونے کی کیا وجوہات ہیں؟ ملک میں طالبان کو لانے کا اصل ذمہ دار کون ہے؟ سابقہ عمرانی دور کی ٹی ٹی پی کے حوالے سے بنائی گئی حکمت عملی کا ملک کو کیا خمیازہ بھگتنا پڑا؟
سینئر صحافی وجاہت مسعود کے مطابق پاک افغان تعلقات کی طویل کہانی میں ہم سے اندازے اور حکمت عملی کی بہت سی غلطیاں سرزد ہوئی ہیں۔ افغانستان میں اپریل 1978 ء سے شروع ہونے والی لڑائی پر46برس گزر چکے۔ پاکستان دسمبر 1979 ء میں باقاعدہ طور پر اس تصادم کا حصہ بنا ۔ روس کی گرم پانیوں تک پہنچنے کی مبینہ خواہش محض ایک سفارتی مؤقف تھا۔ جنرل ضیاالحق افغان لڑائی کی مدد سے اپنی آمریت کا دوام چاہتا تھا۔ جبکہ امریکا افغانستان میں سوویت یونین کی ناک رگڑ نا چاہتا تھا۔ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں بالادستی کا خواہاں تھا۔ امریکا اور سعودی عرب اسلحے اور دولت کے ذریعے جلتی پر تیل ڈال رہے تھے جبکہ پاکستان براہ راست سیاسی ،تمدنی ، معاشی اور سفارتی مفادات کی قربانی دے رہا تھا۔تیس لاکھ افغان مہاجر یہاں آن بیٹھے۔ مذہبی انتہا پسندی، اسلحے اور منشیات کی ثقافت نے سماج کو مفلوج کر دیا۔ 1980ء میں چند سو مذہبی مدارس کی تعداد بڑھ کر 35000 تک جا پہنچی۔ وجاہت مسعود کے مطابق پاکستان میں میں افغان مہم جوئی کی مخالفت کرنے پر جمہوریت پسند حلقے غدار قرار پائے۔14 اپریل 1988 ء کو جنیوا معاہدہ طے پایا تو جونیجو حکومت رخصت کر دی گئی۔ اس مرحلے پر پاکستان کے لیے ڈیورنڈ لائن کی بین الاقوامی سرحد کا احترام کرتے ہوئے افغان معاملات سے لاتعلق ہونا ممکن تھا لیکن اس قضیے میں ناجائز معاشی اور سیاسی مفادات آڑے آئے۔ چھ سالہ افغان خانہ جنگی بالآخر طالبان کے ظہور پر منتج ہوئی۔

وجاہت مسعود کے مطابق طالبان حکومت بین الاقوامی قوانین سے انحراف کی بدترین مثال تھی۔ اس حکومت نے کبھی پاکستان کا کوئی جائزمطالبہ تسلیم نہیں کیا بلکہ پاکستان میں موجود مذہبی انتہا پسندوں کی نظریاتی اور عملی اتحادی رہی۔ امریکا میں نائن الیون ہوا تو پاکستان میں ایک اور فوجی آمریت نمودار ہو چکی تھی جسے عالمی سطح پر کوئی گھاس ڈالنے پر تیار نہیں تھا۔ کولن پاول کے فون پر پرویز مشرف نے فوراًہر شرط ماننے کا فیصلہ اس لیے نہیں کیا تھا کہ مشرف دہشت گردی کے خلاف تھے ۔ مشرف کو طویل افغان جنگ میں اپنے اقتدار کی ضمانت نظر آرہی تھی۔ وجاہت مسعود کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران امریکا عراق پر چڑھ دوڑا ۔افغان جنگ پس منظر میں چلی گئی اور پاکستان میں نمودار ہونے والی تحریک طالبان نے قیامت اٹھا دی۔
وجاہت مسعود کے مطابق امریکا نے 7 اکتوبر 2001ء کو افغانستان پر حملہ کیا ۔ عمران خان اکتوبر 2002ء کے انتخابات تک پرویز مشرف کے حامی رہے ۔عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا خواب جھوٹا پڑنے کے بعد مشرف کی افغان پالیسی کی مخالفت شروع کی۔ عمران خان قبائلی علاقوں میں فوج بھیجنے کے مخالف تھے جبکہ طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتے تھے ۔ ان ڈرون حملوں کی مخالفت کرتے تھے جن میں یکے بعد دیگرے ٹی ٹی پی کے سرکردہ لوگ مارے گئے۔ اچھے اور برے طالبان کا من گھڑت مفروضہ دہراتے تھے۔ نیٹو سپلائی روکنے کا مطالبہ کرتے تھے۔ رواں صدی کی پہلی دہائی میں عمران خان پاکستان میں مسلح طالبان کا سیاسی چہرہ تھے۔یہ محض اتفاق نہیں کہ دسمبر 2014 ء میں طالبان نے حکومت پاکستان سے مذاکرات کے لیے جو تین نام تجویز کیے ان میں عمران خان شامل تھے۔

وجاہت مسعود کا مزید کہنا ہے کہ  آپریشن ضرب عضب کے بعد افغانستان میں پناہ لینے والے ٹی ٹی پی کے کارندے سرحد کے دونوں طرف اپنے سرپرستوں کی پناہ میں تھے۔ اگست 2021ء میں دوحا معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طالبان نے کابل پر قبضہ کیا تو عمران خان نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر اعلان کیا ، ’افغانوں نے غلامی کی زنجیریں توڑ ڈالی ہیں‘۔ یکم اکتوبر 2021 ء کو عمران خان نے تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات کا انکشاف کیا۔ دراصل اپنی حکومت کے آخری دنوں میں عمران خان نے پارلیمنٹ یا کابینہ کو اعتماد میں لیے بغیر ہزاروں طالبان کو پاکستان واپس آنے کی اجازت دی اور درجنوں دہشت گردوں کو رہا کیا۔ وجاہت مسعود کے مطابق جون 2022 ء میں طے پانے والا جنگ بندی کا معاہدہ طالبان نے یک طرفہ طور پر نومبر 2022ء میں ختم کر دیا۔ جنوری 2023ء میں پشاور کی مسجد پر حملے میں سو افراد شہید ہوئے جن میں اکثریت پولیس اہلکاروں کی تھی۔ دسمبر 2023ء میں ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس تنصیبات پر حملے میں 23 اہلکار شہید ہوئے۔2023 ء میں کل ملا کر 700دہشت گرد حملے کیے گئے۔تاہم پاکستان کی فوج اور شہریوں پر تحریک طالبان کے حملوں کو افغان طالبان پاکستان کا داخلی معاملہ قراردیتے ہوئے پاکستان کیساتھ تعاون سے انکاری ہیں ۔

Back to top button