سرکاری عمارتوں کوجلانے کی آزادانہ انکوائری کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے منظم سازش نظر آئی ہے جس کے تحت سرکاری عمارات جلائی گئی ہیں , تمام شہری پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں۔ یاسمین راشد اور میری بہنوں نے مظاہرین سے جناح ہاؤس لاہور کو نقصان نہ پہنچانے کا کہا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔
ایک ٹویٹ میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ ہماری وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد اور میری بہنیں واضح طور پر مظاہرین سے کہہ رہی ہیں کہ جناح ہاؤس لاہور کو نقصان نہ پہنچائیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ واضح طور پر یہ جان بوجھ لوگوں کو اشتعال دلوایا گیا کہ وہ حملہ کریں۔ تاکہ اس کے بعد پی ٹی آئی کیخلاف مزید کریک ڈاؤن کیا جا سکے۔عمران خان نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد میرے ساتھ ہمارے کارکنوں اور سینئر قیادت کو جیلوں میں ڈالنا چاہتے تھے تاکہ لندن پلان میں نواز شریف کو دی گئی یقین دہانیوں کو پورا کیا جا سکے۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ہمارے پاس کسی بھی آزادانہ انکوائری کو پیش کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں کہ آتش زنی اور کچھ جگہوں پر فائرنگ ایجنسیوں کے افراد نے کی جو تباہی پھیلانا چاہتے تھے اور الزام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر ڈالنا چاہتے تھے تاکہ موجودہ کریک ڈاؤن کا جواز ہو۔
