کرم میں انتشارپھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا: بیرسٹر سیف
خیبر پختونخوا کے مشیراطلاعات بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہاہے کہ کرم میں انتشارپھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا ڈپٹی کمشنر کرم پرحملہ امن کو سبوتاژ کرنےکی ناکام مذموم سازش تھی، کرم کےعوام امن دشمن عناصر سےہوشیار رہیں۔کرم میں ہر حال میں امن کویقینی بنایا جائےگا اور امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سےنمٹا جائے گا۔
بیرسٹرسیف نےعوام سےاپیل کی کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے انتظامیہ اور حکومت کےساتھ تعاون کیا جائے، وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث افراد کوکیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
مشیراطلاعات کے پی کا کہنا تھا سکیورٹی خدشات کےپیش نظر قافلےکو وقتی طور روک دیا گیا ہے،کلیئرنس ملنے کے بعد عنقریب قافلے کو روانہ کیا جائے گا۔
یاد رہےکہ گزشتہ روز کرم امن معاہدے کے تحت تقریباً 3 ماہ بعد پہلے قافلےکو کرم کے لیےروانہ ہونا تھا تاہم قافلے کی روانگی سے کچھ وقت قبل لوئر کرم کےعلاقے بگن میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کے کانوائےپرفائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ڈی سی جاوید محسود سمیت ایف سی اور پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، فائرنگ کےواقعے کےبعد کرم کو جانے والے قافلے کی روانگی روک دی گئی۔