بنگلہ دیش کوشکست،بھارت نے ایشیا کپ کےفائنل کیلئےکوالیفائی کرلیا

ایشیا کپ سپر فور مرحلےکے چوتھے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو بآسانی 41 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 127 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، بنگلہ دیش کے سیف حسین 69 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ 9 بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
بھارت کے کلدیپ یادو نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ جسپریت بھمرا اور وارون چکراورتی 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
پہلی اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی بھارتی بیٹرز نے بنگلہ دیشی باؤلرز کے خلاف جارحانہ شاٹس لگائے، اوپنر بلے باز ابھیشک شرما نے ایک اور برق رفتار ففٹی اسکور کی۔انہوں نے صرف 37 گیندوں پر 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اس دوران بیٹر نے 6 چوکے اور 4 چھکے بھی لگائے، شمبن گل 19 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں کامیاب رہے گا، تاہم بنگلہ دیش نے کم بیک کرتے ہوئے وقفے وقفے سے بھارتی بیٹرز کی وکٹیں حاصل کیں۔
تلک ورما اور کپتان سوریا کمار یادو 5،5 جبکہ شیوم دھوبے 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور بالترتیب 38 اور 10 رنز بنائے، یوں بھارت کی ٹیم مقررہ اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا سکی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مستفیض الرحمٰن، تنظیم حسن اور سیف الدین نے ایک، ایک وکٹ لے سکے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 25 ستمبر کو شیڈول مقابلے کے فاتح ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لے گی، جہاں اس کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارت نے سپر فور راؤنڈ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے جب کہ بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی ہے۔
