بھارت مقبوضہ کشمیر کے سیاسی ڈھانچے میں تبدیلی سےبازرہے،وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے کی آبادی کی نوعیت اور سیاسی ڈھانچے میں تبدیلی کی کوشش سے باز رہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جموں و کشمیرکے عوام کے یوم حق خود ارادیت پر پیغام جاری کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 5 جنوری، کشمیریوں کے یومِ حق خود ارادیت کے طور پر منایا جاتا ہے، 1949میں آج کے دن اقوام متحدہ کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نےتاریخی قرارداد منظور کی، یہ قرارداد جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے، حق خود ارادیت، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے۔
وزیراعظم نےنے کہا کہ آج وقت ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل کرے، عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرنا چاہیے، عالمی برادری کو کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کرنا چاہیے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بھارت ایسے اقدامات کر رہا ہے جن سےکشمیرکی بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ متنازع نوعیت کو نقصان پہنچے، بھارت متنازع علاقے کی آبادی کی نوعیت اور سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کشمیری عوام کو وسیع پیمانے پر منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کےحق خودارادیت کےحصول کے لیے ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔