بھارت نے سیلابی معلومات سفارتی ذرائع سے دیں، تفصیلات فراہم نہیں کیں: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت نے دریاؤں میں سیلاب سے متعلق معلومات سفارتی ذرائع کے ذریعے فراہم کیں، تاہم وہ تفصیلی نہیں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے انڈس واٹر کمشنر کے طے شدہ چینل کو استعمال نہیں کیا، جو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے زور دیا کہ بھارت کو معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عملدرآمد کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متعلق فلیش اپیل کا فیصلہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کرے گی اور وزارت خارجہ اس پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج اور راوی میں اچانک پانی چھوڑنے کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس سے بستیاں، گھر اور مال مویشی ڈوب گئے، جب کہ متاثرین عارضی کیمپوں میں حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

Back to top button