بھارتی وزیر خارجہ کی روسی ہم منصب سے ملاقات، امریکی دباؤ کے باوجود تجارت بڑھانے پر اتفاق

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ماسکو میں روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، بھارت کو روسی تیل کی خریداری پر امریکا کی جانب سے سخت اقتصادی دباؤ کا سامنا ہے۔ اگر نئی دہلی روس سے تیل کی درآمد جاری رکھتا ہے تو اگلے ہفتے سے بھارت پر 50 فیصد تک اضافی امریکی ٹیرف لاگو ہونے کا امکان ہے۔
اس تنبیہ کے باوجود، وزیر خارجہ جے شنکر نے ماسکو کا دورہ کیا اور روسی ہم منصب سے ملاقات میں تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر آمادگی ظاہر کی۔ ملاقات کے بعد دونوں ممالک نے اقتصادی روابط کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کی ایک بارپھرغزہ پر مکمل قبضے کی دھمکی
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبے دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں، جن میں روس کے مشرق بعید اور آرکٹک شیلف کے علاقوں میں قدرتی وسائل کی تلاش و پیداوار شامل ہے۔
ادھر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ ملاقات کے دوران تجارتی شراکت داری میں اضافے پر اتفاق ہوا، تاہم اس راہ میں حائل رکاوٹوں اور ریگولیٹری چیلنجز کو دور کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت، روس کو فارماسیوٹیکل، زرعی اجناس اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں برآمدات بڑھا رہا ہے، اور مستقبل میں اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
