نریندرمودی پر اپوزیشن شدید برہم، کھیل کو سیاست سے جوڑنے پر تنقید

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ایک بار پھر غیر سنجیدہ اور اشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کے خلاف بھارتی ٹیم کی جیت کو "آپریشن سندور” سے جوڑنے پر بھارت کے اندر سے بھی سخت ردعمل سامنے آ گیا۔
بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی کے اس بیان کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ پارٹی رہنما اتل پٹیل نے سوال اٹھایا کہ "کیا مودی کو سفارت کاری اور خارجہ پالیسی کی کوئی سمجھ ہے؟ کھیل کو جنگی بیانیے سے جوڑنا افسوسناک ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "اگر یہ ایک میچ تھا، تو اسے کھیل کی روح کے مطابق ہی رہنا چاہیے تھا، نہ کہ جنگی پروپیگنڈے کے طور پر پیش کیا جاتا۔”
مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سکپال نے بھی وزیر اعظم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "مودی ہوا ہو، پانی ہو یا کھیل، ہر چیز میں سیاست اور پولرائزیشن گھسیڑ دیتے ہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ "وزیر اعظم کھیلوں کو بھی سیاسی نفرت کے ایجنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جو بھارت کے وقار کے منافی ہے۔”
یاد رہے کہ اس سے قبل ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی بھی مودی کے بیان پر برہمی کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "کھیل کو جنگ سے جوڑنا مایوسی اور بوکھلاہٹ کی علامت ہے۔”
