بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس آپریشن، کالعدم گروہ کا کمانڈر ہلاک
قلعہ سیف اللہ میں آپریشن کے دوران عادل شاہ عرف درویش مارا گیا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں 19 مقدمات درج تھے

بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا کمانڈر دسمبر 2020 سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا، جبکہ 2024 سے وہ اس گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی کررہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل شاہ غیر مقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان کے علاقوں میں رہائش فراہم کرنے میں معاونت کرتا تھا۔ وہ 2022 اور 2023 سے سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک کمانڈر کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں 19 مقدمات درج تھے، جبکہ اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
