اسحاق ڈار اور چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک اور تجارتی تعاون پر گفتگو

پاکستان اور چین نے اسٹریٹجک شراکت داری میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، علاقائی امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتِ حال اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، علاقائی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، عوامی روابط کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں علاقائی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

Back to top button