خطے کے ممالک امریکی مداخلت کے بغیر مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں : ایرانی صدر

 

 

 

 

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک امریکی مداخلت کے بغیر اپنے مسائل حل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ماسکو میں گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم (GECF) کے اجلاس میں شرکت کے بعد ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتےہوئے بتایاکہ اجلاس میں توانائی اور گیس کے شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور اہم معاہدے بھی طے پائے۔

دورہ روس کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔

کیا تہران اتحاد سعودی عرب پر حوثی حملوں کو روک پائے گا؟

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کےدوران مسعود پزشکیان نے کہاکہ انہیں پختہ یقین ہےکہ خطے کے ممالک امریکا پر انحصار کیے بغیر اپنے تمام مسائل حل کرسکتے ہیں۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہاکہ امریکا کے اقدامات ایران کو کثیرالجہتی تعلقات اور ایسے ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانےکا موقع فراہم کررہے ہیں جو خود بھی امریکی یکطرفہ پابندیوں کا سامنا کررہے ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھاکہ سائنس، صنعت،ثقافت، سکیورٹی اور عسکری امور سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کےلیے ایران اور روس کے درمیان مضبوط سیاسی ارادہ موجود ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہاکہ ایرانی صدر کے ساتھ خطے کی موجودہ صورت حال اور جنگ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

صدر پیوٹن کا کہنا تھاکہ دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال پر ون آن ون ملاقات کی،جو بلاشبہ تشویش کا باعث ہے،تاہم انہیں امید ہےکہ حالات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔

 

Back to top button