ایران کی شرائط پوری ہونے تک مذاکرات ممکن نہیں : قالیباف

ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ایران کی شرائط ثالثوں کو بارہا اور واضح طور پر بتائی جاچکی ہیں،ان سات شرائط پر اتفاق کے بغیر مذاکرات میں پیش رفت ممکن نہیں۔
محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران پر دباؤ ڈالنے اور مراعات دینے کی حکمتِ عملی مؤثر ثابت نہیں ہوگی، ایران کی شرائط پوری ہونے کےبعد ہی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کےلیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔قطر کے ثالثوں نے بدھ کو تہران کو ایک نئی مجوزہ مفاہمت پیش کی تھی،تاہم ایک ایرانی عہدیدار نے اسے ناقابل قبول تجاویز قراردیا۔
قالیباف اس سے قبل بھی واضح کرچکے ہیں کہ ایران کی شرائط جون میں طےپانے والی عبوری مفاہمت اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سے منسلک ہیں،تہران کا مؤقف ہےکہ ان شرائط پر عمل درآمد کے بغیر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور معمول کی بحری آمدورفت بحال کرنے پر پیش رفت نہیں ہوسکتی۔
ایران کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مؤقف اور شرائط سے پیچھے نہیں ہٹےگا، جب کہ ثالثی کی کوششوں کا مقصد فریقین کے درمیان اختلافات کم کرکے جنگ کے خاتمے اور خطے میں استحکام کےلیے قابل قبول سمجھوتا تلاش کرنا ہے۔
