جنگ بندی کی خلاف ورزی پر ایران کی امریکہ کو وارننگ

ایران نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبے ہرمزگان اور آبنائے ہرمز میں امریکا کے متعدد فضائی حملوں کو جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔
ایران کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے صوبہ ہرمزگان میں میزائل تنصیبات اور آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کرنے والی کشتیوں کو نشانہ بنایا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے اس حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی تاہم امریکا کا مؤقف یہی رہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی اجازت نہیں دے گا اور اس نے بارودی سرنگیں ہٹانے کا کام بھی شروع کردیا ہے۔
امریکا نے آبنائے ہرمز میں ان کارروائیوں کو دفاعی قرار دیا تاہم ایران نے اسے جارحانہ اور بلاجواز اقدامات کہتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور عوام کے دفاع میں کسی ردعمل سے گریز نہیں کرے گا۔
خیال رہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ تیل کی عالمی منڈیوں میں بے یقینی اور اضطراب ہے۔
