ایرانی وزارت خارجہ کاحملوں میں ایٹمی تنصیبات کونقصان پہنچنےکااعتراف

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نےامریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچنےکی تصدیق کردی۔
ایرانی عہدیدار اسماعیل بقائی کاکہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ یہ بات یقینی ہے کیونکہ ان پر بارہا حملے کیے گئے ہیں۔تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ایک تکنیکی معاملہ ہے، جس پر ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم اور دیگر متعلقہ ادارے کام کر رہے ہیں۔
یہ بیان کسی ایرانی عہدیدار کی جانب سے امریکی و اسرائیلی حملوں سے جوہری تنصیبات کو سنجیدہ نقصان پہنچنے کا پہلا باضابطہ اعتراف ہے۔
اس سے قبل امریکی میڈیا نے ابتدائی انٹیلی جنس رپورٹس کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئیں، اور ایران کا جوہری پروگرام صرف چند مہینوں کے لیے متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملوں میں ایران کی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز امریکا نے ایران-اسرائیل جنگ میں براہِ راست شامل ہوتے ہوئے ایران کی تین جوہری تنصیبات—فردو، نطنز اور اصفہان—پر فضائی حملے کیے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یہ حملے امریکی بی ٹو بمبار طیاروں کے ذریعے کیے گئے تھے۔