کیا بھارت میں ’کاکروچ‘ تحریک عوامی بغاوت میں بدلنے والی ہے؟

انڈیا میں امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک ہونے کے خلاف شروع ہونے والی طلبہ تحریک اب ایک منفرد عوامی مہم میں تبدیل ہوتی جا رہی ہے، جہاں روایتی نعروں کی جگہ میمز، پاپ کلچر، طنزیہ پلے کارڈز اور سوشل میڈیا نے لے لی ہے۔ "کاکروچ جنتا پارٹی” کے نام سے سامنے آنے والی اس تحریک نے نہ صرف نوجوانوں کے احتجاج کے انداز کو بدل دیا ہے بلکہ آن لائن عوامی حمایت، فوڈ ڈیلیوری اور تخلیقی اظہار کے ذریعے حکومت پر دباؤ بڑھانے کی نئی مثال بھی قائم کی ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت میں طلبا کی جانب سے محدود مطالبات کیلئے جاری کاکروچ تحریک اب بھرپور پذیرائی کے بعد عوامی بغاوت میں بدلتی دکھائی دیتی ہے۔

انڈیا میں امتحانی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پرچوں کے لیک ہونے کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب صرف طلبہ تحریک نہیں رہا بلکہ ایک وسیع سماجی اور ڈیجیٹل مہم کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ "کاکروچ جنتا پارٹی” کے نام سے منظم ہونے والی اس تحریک نے احتجاج کے روایتی انداز کو بدلتے ہوئے طنزیہ میمز، پاپ کلچر، فلمی مکالموں، کرکٹ اور انٹرنیٹ کلچر کو اپنا ہتھیار بنا لیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر بھی غیر معمولی توجہ حاصل کی ہے۔

احتجاج کے دوران نوجوانوں نے ایسے پلے کارڈز اٹھائے جن میں حکومت، تعلیمی نظام اور امتحانی اداروں پر طنزیہ انداز میں تنقید کی گئی۔ "میک اِن انڈیا، ناٹ لیک اِن انڈیا” اور "آئی پی ایل، یعنی انڈین پیپر لیک” جیسے جملوں نے نہ صرف احتجاج کو منفرد بنایا بلکہ انٹرنیٹ پر بھی تیزی سے مقبولیت حاصل کی۔ اسی طرح ریلیشن شپ میمز، فلمی ڈائیلاگز اور بالی وڈ کے مشہور مکالموں کو بھی احتجاجی پیغامات کا حصہ بنایا گیا، جسے جین زی کی تخلیقی مزاحمت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ احتجاج صرف تخلیقی پلے کارڈز تک محدود نہیں رہا۔ کئی مظاہرین کاکروچ کے ماسک پہن کر شریک ہوئے، بعض نے ڈائپر پر مطالبات تحریر کیے جبکہ کچھ مقامات پر کورونا وبا کے دوران برتن بجانے کی مہم کو طنزیہ انداز میں دہرایا گیا۔ ان تمام مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز ایکس، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں افراد تک پہنچیں، جس سے تحریک کو مزید تقویت ملی۔

دوسری جانب احتجاج کی ایک منفرد خصوصیت عوامی تعاون بھی بن کر سامنے آئی ہے۔ نئی دہلی میں دھرنے پر موجود مظاہرین کے لیے ملک بھر سے آن لائن فوڈ ڈیلیوری ایپس کے ذریعے کھانا، پانی اور دیگر اشیائے ضرورت مسلسل بھیجی جا رہی ہیں۔ مختلف شہروں میں موجود افراد خود احتجاج میں شریک نہ ہونے کے باوجود فوڈ آرڈرز کے ذریعے اپنی حمایت کا اظہار کر رہے ہیں، جسے اس تحریک کی عوامی مقبولیت کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

رضاکار یہ کھانا وصول کر کے احتجاجی کیمپ میں موجود افراد میں تقسیم کرتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پیزا، برگر، گھریلو کھانے اور پانی کی اتنی بڑی مقدار احتجاجی مقام پر پہنچ رہی ہے کہ بعض اوقات منتظمین کو مزید آرڈر نہ بھیجنے کی اپیل کرنا پڑ رہی ہے۔ فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز بھی اس تحریک سے جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے نوجوانوں کے مطالبات کی حمایت قرار دے رہے ہیں۔

یہ تحریک ابتدائی طور پر میڈیکل کالجوں اور سرکاری ملازمتوں کے داخلہ امتحانات میں مبینہ دھاندلی اور پرچوں کے لیک ہونے کے خلاف شروع ہوئی تھی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس کا دائرہ وسیع ہوتا گیا اور اب یہ حکومتی جوابدہی، شفافیت اور تعلیمی اصلاحات کے مطالبات کی علامت بن چکی ہے۔ حالیہ دنوں میں دہلی میں پارلیمنٹ کی جانب مارچ روکنے کے لیے پولیس کی کارروائیوں اور مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں نے بھی اس تحریک کو مزید توجہ دلائی ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ جین زی نے احتجاج کے روایتی انداز کو بدل کر ڈیجیٹل کلچر، مزاح اور تخلیقی اظہار کو ایک نئی سیاسی زبان میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا کی طاقت، عوامی تعاون اور نوجوانوں کی اختراعی حکمت عملی نے اس تحریک کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں کر دیا ہے۔

Back to top button