کھیل کو سیاست سے داغدار کرنا افسوسناک ہے، پاکستان کا بھارت کو پیغام

ایشیا کپ 2025 کے بعد بھارت کی جانب سے کھیل کو سیاست سے جوڑنے پر پاکستان نے شدید ردعمل دیا ہے، جب کہ پاکستانی سفارتی حکام نے بھی بھارتی رویے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر نہ صرف کھیل بلکہ خود کو بھی دنیا کے سامنے تماشہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مئی 2025 میں بھارت 6 جنگی طیارے اور 4 رافیل طیارے کھو بیٹھا تھا۔

اپنے پیغام میں ترمذی نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے بہت پہلے ہندوتوا ذہنیت کو پہچان لیا تھا، جو آج بھی نازی ازم اور فاشزم پر مبنی اسلام دشمنی کو فروغ دے رہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے ایشیا کپ جیتنے کے باوجود صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے محسن نقوی نے بھی بھارت کے رویے کو "مایوس کن” قرار دیا اور کہا کہ "کھیل کو جنگی سوچ سے جوڑنا اس کی اصل روح کو مجروح کرتا ہے۔”

Back to top button