جہانگیر خان ترین نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج سمن آباد میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کردیا

جدید تعلیم کے فروغ کےلیے جہانگیر خان ترین نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج سمن آباد میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کردیا۔ اس کالج میں تقریباً 6 ہزار طالبات زیرِ تعلیم ہیں جب کہ کمپیوٹر لیب کے قیام پر تقریباً 12 ملین روپے لاگت آئی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ طالبات کو جدید کمپیوٹرز پر تعلیم حاصل کرتے دیکھ کر انہیں بے حد خوشی اور حوصلہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی صرف جدید اور معیاری تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے، جس سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ معاشرتی ترقی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 2 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے ترین انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسورسز سینٹر قائم کیا جا رہا ہے، جہاں طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور ہنر سکھائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے سے نوجوان اپنی اور اپنے خاندان کی معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔
جہانگیر خان ترین نے صوبائی حکومتوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے تعلیمی اداروں کے قیام کی ضرورت ہے جہاں حکومتی کنٹرول کم ہو لیکن آئی ٹی تعلیم کے لیے جدید ہارڈ ویئر، سافٹ ویئر اور دیگر وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم حاصل کر سکیں۔
گروپ ڈائریکٹر فنانس جے ڈی ڈبلیو، محمد رفیق نے کہا کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں میں اب تک 8 کمپیوٹر لیبز قائم کر چکی ہے جن سے روزانہ ہزاروں طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان ترین کا وژن سماجی ترقی ہے اور زرعی شعبے کے ساتھ ساتھ تعلیم کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تعلیمی شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرے تاکہ ہر طبقے کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں۔
گورنمنٹ گریجویٹ کالج سمن آباد کی پرنسپل ڈاکٹر عارفہ زریں نے کہا کہ کالج میں موجود سابقہ کمپیوٹر لیب طالبات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی تھی۔ انہوں نے جہانگیر خان ترین اور ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی کمپیوٹر لیب طالبات کے لیے جدید تعلیم حاصل کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن اکبر خان نے کہا کہ لاہور میں کمپیوٹر لیبز کے منصوبوں پر مجموعی طور پر 21 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ بڑے شہروں اور پسماندہ علاقوں کے تعلیمی ادارے یکساں طور پر وسائل کی کمی کا شکار ہیں، جس پر حکومت کو خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
ڈائریکٹر کالجز لاہور پروفیسر احسن ممتاز نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور جہانگیر خان ترین کی کاوشوں کو سراہا۔

