جلالپور پیرا والا: اسسٹنٹ کمشنر کوعہدے سے ہٹا دیا گیا ، مکرم خان نئے اے سی مقرر

پنجاب حکومت نے ملتان کی تحصیل جلالپور پیرا والا کے اسسٹنٹ کمشنر کو سیلاب متاثرین سے متعلق غفلت کے واقعے کے بعد عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایک نجی کشتی متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے پیسے طلب کر رہی تھی، جس پر فوری ایکشن لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تمام پرائیویٹ کشتیاں حکومت کی نگرانی میں چلیں گی اور ان کی ادائیگی حکومت کرے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبہ شدید آفت کا سامنا کر رہا ہے، 22 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور صرف ملتان میں 139 کشتیاں ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات دینا نامناسب ہے کہ کوئی مدد نہیں کر رہا، حکومت دن رات متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان کے مطابق سیاست کے لیے سیلاب کو استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، حکومت غلطی کی اصلاح کرتی ہے اور متاثرین کو دوبارہ گھروں میں آباد کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیرا والا کو عہدے سے ہٹا کر مکرم خان کو نیا اے سی تعینات کر دیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ کے مقامات پر حالات قابو میں ہیں اور ٹیکنیکل کمیٹی نے کہیں شگاف ڈالنے کی ضرورت نہیں سمجھی۔
آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گندم کی قیمت میں 700 روپے فی من کمی آئی ہے، آٹے کے سرکاری نرخ پر عمل کرایا جائے گا اور قیمت بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت آویزاں نہ کرنے پر پیرا فورس کو کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
