خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ کاپرچہ پھر سوشل میڈیا پر وائرل

خیبرپختونخوا میں میڈیکل کالیجز میں داخلوں کیلئے گزشتہ روز دوبارہ منعقد کئے گئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا پیپر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ایم ڈی کیٹ کا پچھلا ٹیسٹ بلوٹوتھ اسکینڈل کے باعث منسوخ قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد دوبارہ ٹیسٹ منعقد کرانے کی ذمہ داری ایٹا سے واپس لیکر خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی سپرد کی گئی تھی۔
اتوار کے روز ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں امتحانی مراکز پر تعینات ممتحنوں اور دیگر اسٹاف سمیت سکیورٹی پر معمور اہلکاروں کو بھی موبائل رکھنے کی اجازت نہیں تھی تاہم سخت سکیورٹی انتظامات کے باوجود بھی دوبارہ لیے گئے ٹیسٹ کا پیپر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاالحق نے کہا کہ ٹیسٹ کے دوران کوئی پیپر لیک نہیں ہوا، ٹیسٹ کے بعد یہ پرچہ پبلک ڈاکیومنٹ بن جاتا ہے، ممکن ہے ٹیسٹ کے بعد کسی نے تصویر لے کر وائرل کر دیا ہو۔گھر میں بیڈ شیٹ پر رکھ کر کسی پیپر کی تصویر لی ہے، ٹیسٹ شفاف ہوا ہے۔