خیبر پختونخوا : سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 35 دہشت گرد ہلاک، 12 جوان شہید

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 35 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 12 بہادر جوان وطن پر قربان ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشنز 10 سے 13 ستمبر تک کیے گئے، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق باجوڑ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 22 دہشت گرد مارے گئے، جب کہ وزیرستان میں کی گئی کارروائی میں مزید 13 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیابی کے ساتھ ساتھ مادرِ وطن کے 12 سپوتوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔
