تحریک انصاف 6 ججز کے خط کو اپنا سیاسی کارڈ کیوں بنا لیا

سینئر صحافی مزمل سہروردی نے کہا ہے کہ اسلا م آباد ہائی کورٹ کے چھ جج صاحبان کے خط پر تحریک انصاف معاملہ کی سپریم کورٹ میں سماعت چاہتی تھی، اس لیے اس جماعت نے ایسا سیاسی دبائو بنایا کہ معاملہ سوموٹو کی طر ف چلا گیا۔ ، ایک رائے عامہ بنا کر سوموٹو کے لیے راہ ہموار کی گئی ہے۔ اور اب سپریم کورٹ کے سات رکنی بنچ کو بھی متنازعہ بنایا جا رہا ہے. تحریک انصاف اس مسئلہ کا کوئی متفقہ یا مستقل حل نہیں چاہتی۔ اس کی کوشش ہے کہ اس پر سیاست کی جا سکے۔ ان کے لیے یہ بہترین سیاسی کارڈ ہے۔ مزمل سہروردی اپنے کالم میں لکھتے ہیں کہ بہت سے لوگ یہ سوال بھی کر رہے ہیں کہ جسٹس تصدق جیلانی نے حکومت کے انکوائری کمیشن کی سربراہی سے معذ رت پہلے کی یا سپریم کورٹ کی جانب سے سوموٹو پہلے لیا گیا۔ ہو سکتا ہے جب معلوم ہوا کہ تصدق جیلانی معذرت کر رہے ہیں تو بحران کو شدید ہونے سے بچانے کے لیے فوری سو موٹو لے لیا گیا۔ انکوائری کمیشن بننے کے بعد اور تصدق جیلانی کی معذرت کے دوران تحریک انصاف نے تو اس انکوائری کمیشن کو مسترد کیا۔ اس کے ساتھ تحریک انصاف کے حامی وکلا کی جانب سے تین سو وکلا کا ایک خط بھی سامنے آیاجس میںحیران کن طور پر تصدق جیلانی کے بیٹے کے دستخط بھی موجود تھے، اس خط میں بھی اس انکوائری کمیشن کو جہاں مسترد کیا گیا، وہاں سپریم کورٹ سے براہ راست اس معاملہ کی سماعت کے لیے کہا گیا۔ شاید ریٹائرڈ چیف جسٹس تصدیق جیلانی کو گھر سے سپورٹ نہیں ملی ورنہ جب حکومت نے ان سے رابطہ کیا تھا، وہ تب معذرت کر سکتے تھے، رضامندی دینے کے بعد عہدہ سنبھالنے سے معذرت، اوپر سے پی ٹی آئی وکلاء کا خط اور اس پر صاحبزادے کے دستخط، لہٰذا باتیں تو ہونی ہی ہیں، انھیں سننا بھی پڑے گا اور برداشت بھی کرنا پڑے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کے خط پر اب سو موٹو لیا جا چکا ہے، اب اس کی عدالت میں سماعت ہوگی۔ مزمل سہروردی بتاتے ہیں کہ تحریک انصاف نے اس سوموٹو کے تحت قائم ہونے والے سات رکنی بنچ کو بھی مسترد کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ججز کے اس خط کی سماعت کے لیے فل کورٹ بنایا جائے۔ دوسری طرف قانونی ماہرین کا موقف ہے کہ سات رکنی بنچ سے بڑا بنچ بن ہی نہیں سکتا تھا۔ نئے قوانین کے تحت اب چیف جسٹس کے سوموٹو کے خلاف اپیل کا حق دے دیا گیا ہے۔ اس لیے اس سوموٹو کے فیصلے کے خلاف اپیل آنے کے وسیع امکانات ہیں۔ اس لیے اگر فل کورٹ بنا دیا جائے تو پھر اس کے فیصلے کے خلاف اپیل کون سنے گا۔ سپریم کورٹ میں ججز کی کل تعداد پندرہ ہے۔ اگر اب سات رکنی بنچ سوموٹو سنے گا تو کل اپیل باقی بچنے والے جج سن لیں گے۔ جب انکوائر ی کمیشن بنایا گیا تھا، تب تحریک انصاف لارجر بنچ بنانے کا مطالبہ کر رہی تھی۔ شاید تب انھیں اندازہ نہیں تھا کہ سپریم کورٹ سو موٹو لے لے گا، اس لیے وہ بڑے بنچ کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن جب سوموٹو لے لیا گیا اور سات رکنی بنچ بنا دیا گیا تو انھوں فل کورٹ کا مطالبہ شروع کر دیا ۔ اندازہ یہ ہی ہے کہ اگر فل کورٹ بھی بنا دیا جائے تو تحریک انصاف والے ایک نیا مطالبہ لے آئیں گے۔ وہ ایشو کو متنازعہ رکھنا چاہتے ہیں۔ وہ اس مسئلہ کا کوئی متفقہ یا مستقل حل نہیں چاہتے۔ ان کی کوشش ہے کہ اس پر سیاست کی جا سکے۔ ان کے لیے یہ بہترین سیاسی کارڈ ہے۔ مزمل سہروردی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ا س خط کے ایشو کو متنازعہ رکھ کر سیاست اس لئے کرنا چاہتی ہے کیوں کہ عمران خان کے مقدمات بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں، اس بحران کا انھیں فائدہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے ان کی کوشش ہوگی کہ بحران حل نہ ہو بلکہ کسی نہ کسی شکل میں چلتا رہے تا کہ عدلیہ کو دبائو میں رکھ سکیں۔ اس لیے چیف جسٹس پاکستان کو سو موٹو کی پہلی سماعت میں اس معاملہ پر سیاسی بیان بازی پر مکمل پابندی لگا دینی چاہیے۔ انھیں واضح کرنا چاہیے کہ یہ ایک قانونی اور آئینی مسئلہ ہے، ہمیں اسے قانون اور آئین کے تناظر میں حل کرنا ہے۔ ایک دفعہ بیان بازی بند ہو جائے گی تو سیاسی دکانداریاں بھی بند ہو جائیں گی۔ جو لوگ اس معاملہ کے خود ساختہ ٹھیکدار بن گئے ہیں،ان کی دکانیں بھی بند ہو جائیں گی۔ یہ درست ہے کہ عدلیہ کی خود مختاری نظام عدل کی بنیاد ہے۔ یہ واحد نقطہ ہے جس پر نظام عدل کا وجود آیا ہے۔ اگر عدلیہ آزاد نہیں تو عدلیہ کی کوئی ضرورت نہیں۔ عدلیہ کی آزادی ہی عدلیہ کی بنیاد ہے۔ اس لیے اس بات کو ہر ممکن سطح تک یقینی بنانا چاہیے کہ عدلیہ پر فیصلے کرنے کے لیے کوئی دبائو نہیں ہونا چاہیے۔ مزمل سہروردی کہتے ہیں آجکل ججز پر ایگزیکٹو اور ایجنسیوں جانب سے دبائو کی بہت بات ہو رہی ہے۔ ایک رائے بنائی جا رہی ہے کہ اسٹبلشمنٹ اپنی مرضی کے فیصلے حا صل کرنے کے لیے ججز پر ایجنسیوں کے ذریعے دبائو ڈالتی ہے۔ اسلام آباد ہا ئی کورٹ کے ججز کے خط میں بھی ایسے اشارے ملتے ہی. لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ سیاسی جماعتوں کی بھی کوشش ہوتی ہے کہ وہ عدلیہ کو دبائو میں رکھیں۔ اس مقصد کے لیے وہ بھی میڈیا میں کھلے عام مہم چلاتی ہیں، عوامی مظاہرے کرائے جاتے ہیں، وکلاء تنظیموں کو باہر نکالنے کی کوشش کی جاتی ہے، مباحثے شروع کرائے جاتے ہیں، یوں پریشر کئی گناہ بڑھایا جاتا ہے، اگر سپریم کورٹ سوموٹو لینے کے موڈ میں ہوتی تو فل کورٹ کے پہلے یا دوسرے اجلاس کے بعد سوموٹو لے لیا جاتا۔۔ لیکن فل کورٹ کے ا جلاسوں کے اعلامیوں میں صاف لکھا ہے کہ فیصلے اکثریتی رائے سے ہوئے ہیں، اس لیے ان فیصلوں میں سو موٹو نہیں تھا۔
آخر میں مزمل سہروردی سوال کرتے ہیں کہ کیا ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اب سوموٹو سیاسی دبائو میں لیا گیا؟ کیا سیاسی دبائو دبائو کیوں نہیں ہوتا ؟ ، ۔ وہ تو مرضی کا فیصلہ لینے کی ایک عمدہ چال ہی سمجھی جاۓ گی ۔ کیسے صرف الزمات کی بنیاد پرجبکہ ابھی کچھ ثابت نہیں ہوا، ایک رائے عامہ بنا کر سوموٹو کے لیے راہ ہموار کی گئی ہے۔

Back to top button