سعودی عرب کیلئے پاکستان اب اتنا اہم کیوں نہیں رہا؟

 

پاکستان کی حالیہ سیاسی تاریخ میں جو بھی سیاستدان انتخابات جیت کر وزیرِاعظم کے عہدے پر فائز ہوا، اس نے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے ہمیشہ سعودی عرب کا ہی انتخاب کیا ہے۔ تاہم مبصرین کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو کسی قسم کی فوری مالی امداد کا حصول ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ سعودی عرب کے پاکستان سے کسی قسم کا مفاد وابستہ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کو امداد کے حصول کیلئے سعودی عرب کو ایسے ہی راضی کرنا پڑے گا جیسے پاکستان آئی ایم ایف کو راضی کرتا ہے۔

سنہ 2013 میں نواز شریف تیسری مرتبہ پاکستان کے وزیرِاعظم منتخب ہوئے اور انھوں نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے تقریباً دو سال بعد پہلے غیرملکی دورے کے لیے سعودی عرب کو ہی چُنا۔ایسا ہی کچھ ان کے بعد 2018 کے عام انتخابات جیت کر وزیرِاعظم بننے والے عمران خان نے بھی کیا اور وہ بھی اسی برس ستمبر کے مہینے میں سعودی عرب چلے گئے۔

پاکستان میں 2024 کے عام انتخاب کے نتیجے میں ملک میں ایک اتحادی حکومت قائم ہوئی اور اس کے سربراہ وزیرِاعظم شہباز شریف ہیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ ماضی کے وزرائے اعظم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وزارتِ اعظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا غیرملکی دورہ سعودی عرب کا ہی کررہے ہیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کے وفاقی وزرا کے ہمراہ دو روزہ دورہ سعودی عرب کے دوران ان کی سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ساتھ سعودی عرب کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب پاکستان کو معاشی بحران کا سامنا ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے پاکستان کی درخواست پر آئندہ مہینوں کے دوران نئے پروگرام پر بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔

جیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے بھی ماضی میں پاکستان کی وقتاً فوقتاً مدد کی جاتی رہی ہے۔ نومبر 2021 میں پاکستان کے گرتے ہوئے زرِمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان کے مرکزی بینک کے اکاؤنٹ میں تین ارب ڈالر کی رقم ایک سال کے لیے جمع کروائی تھی، تاہم بعد میں سعودی حکومت نے اس کی مدت میں مسلسل کئی بار توسیع کی اور اب یہ رقم پاکستانی بینک کے اکاؤنٹ میں دسمبر 2024 تک جمع رہے گی۔

شہباز شریف کے  پہلے بیرون ملک دورے کیلئے سعودی عرب روانگی سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ پاکستانی وزرائے اعظم پہلے غیر ملکی دورے کے لیے سعودی عرب کا ہی کیوں انتخاب کرتے ہیں؟ تجزیہ کاروں کے مطابق ’سعودی عرب پاکستان کا سٹریٹجک اور معاشی شراکت دار ہے۔ ’پاکستانی رہنماؤں کی یہ روایت ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد پوری مسلم امہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور خصوصاً سعودی عرب کے استحکام اور سکیورٹی کی حفاظت کا عزم کرتے ہیں۔‘ پاکستانی سیاستدان اور فوجی حکام عام طور پر سعودی شاہی خاندان سے اپنے سیاسی تعلقات مضبوط کرنے کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آ کر سیاستدانوں کا سعودی عرب جانے کا ایک مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ ’عمرہ اور زیارتیں‘ کر کے ملک میں اپنی قبولیت بڑھائی جا سکے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جن کے پاکستان کے ساتھ دہائیوں سے اچھے تعلقات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ معاشی بحرانوں کے دوران لوگوں کو یہ امید ہوتی ہے کہ سعودی شاہی خاندان مصیبت کے وقت پاکستان کی مدد کرے گا۔

مبصرین کے مطابق ’سعودی عرب کا تعلق پاکستان کے قریبی اتحادیوں میں ہوتا ہے اور پچھلی ایک دہائی میں پاکستان کے نہ ختم ہونے والے معاشی بحرانوں کے سبب اب یہ ایک روایت بن چکی ہے کہ پاکستانی رہنماؤں کے ایسے دورے سعودی فیصلہ سازوں سے مالی مدد مانگنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔‘تجزیہ کاروں کے مطابق شہباز شریف نے اپنی پچھلی حکومت کے دور میں بھی سعودی عرب کے دورے کیے تھے لیکن وہ کچھ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔’سعودی عرب نے اس وقت کچھ اضافی وسائل دینے کا کہا ضرور تھا لیکن صرف اس صورت میں جب پاکستان آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل پیرا ہو۔‘

تو کیا اس کا مطلب یہ لیا جائے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی مالی مدد کے لیے اب کچھ شرائط رکھ دی گئی ہیں؟تجزیہ کاروں کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وزیراعظم بن جانے اور ان کے ’وژن 2030‘ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سعودی عرب نے پاکستان کی مالی مدد فراہم کرنے کے لیے ایک نیا طریقہ کار طے کر دیا ہے۔ تاہم شہباز شریف کے پہلے وزارتِ اعظمیٰ کے دور میں بھی سعودی عرب پاکستان میں بڑا سرمایہ لگانے کے لیے تیار تھا لیکن پاکستانی حکومت اس کے لیے کوئی قابلِ غور پلان تشکیل دینے میں مشکلات کا شکار رہی۔ مبصرین کے مطابق اس وقت  ’شہباز حکومت کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے پاس امداد کھ بدلے میں سعودی عرب کو دینے کے لیے کچھ نہیں۔‘ حال ہی میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد پاکستان نے اپنا مزید اثر و رسوخ کھو دیا ہے۔ اس لئے ’اب سعودی عرب اور پاکستان کھ مابین مالی معاملات پر بات چیت شرائط کے ساتھ ہی ہوگی اور کسی بھی قسم کی مالی مدد کے لیے پاکستان کو سعودی عرب کو اسی طرح ہی راضی کرنا ہوگا جس طرح وہ آئی ایم ایف کو کرتا ہے۔‘

Back to top button