ججز کو دھمکیاں دینے والے ملزمان اصل میں کون ہیں؟

ججوں کو مشکوک خطوط ملنے کا سلسلہ نہ رکا اور سپریم کورٹ کے مزید 5 ججز کے نام مشکوک خطوط موصول ہوگئے. اس سے قبل چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے 6 ججز کو مشکوک خطوط مل چکے ہیں، اب تک سپریم کورٹ کے 10، اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 اور لاہور ہائیکورٹ کے 6 ججز کو خطوط مل چکے. اس طرح ججز کو ملنے والے مشکوک خطوط کی مجموعی تعداد 24ہوچکی ہے، تاہم تحقیقاتی ادارے تاحال ملزمان کو شناخت کرنے میں یکسر ناکام ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے بشمول سپریم کورٹ کے چار،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سمیت آٹھ جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے چار ججوں کو فرضی یا حقیقی ناموں سے لکھے گئے دھمکیوں کے ساتھ اور سفوف آمیز خطوط ملنے کا معاملہ انتہائی سنگین اورعدلیہ کی آزادی اور وقار پر حملہ قرار دیا جا رہا ہےجس کا مقصد سراسیمگی پھیلانا بھی ہوسکتاہے۔ مبصرین کے مطابق خطوط بھیجنے والے شرپسندوں کی عدم نشاندہی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ مواصلاتی نظام کی موجودگی میں متعلقہ محکمے اور اس کے اہل کاروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔معاملے کا کھوج نہ لگنا ،حالات کی بے بسی کی ایک تصویر ہی قرار دی جاسکتی ہے جو صورتحال کو مزید گھمبیر بنا رہی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلیٰ عدالتوں کے کے ججز کو موصول ہونے والے ’مشکوک خطوط‘ کا معمہ حل کرنے کے عزم کے اظہار کے ساتھ پولیس کا انسداد دہشت گردی محکمہ ان خطوط کے کو بھیجنے والوں کا سراغ لگانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

ذرائع کے مطابق ججز کو دھمکی آمیزخطوط جنرل پوسٹ آفس راولپنڈی سے بھیجے گئے لیکن اس کے احاطے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے خطوط بھیجنے والوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

عدالتی عملے کی جانب سے ان خطوط کو کھولے جانے کے بعد بڑے پیمانے پر یہ خیال کیا گیا کہ لفافوں میں موجود مشکوک پاؤڈر ایک نقصاندہ مادہ ’انتھراکس‘ ہے جو جلد سے رابطے کے بعد انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔تاہم فرانزک تجزیے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے ججوں کو بھیجے گئے خطوط میں اینتھراکس نہیں بلکہ سنکھیا ملے کاربوہائیڈریٹس پائے گئے ہیں۔ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سنکھیا اپنی خالص شکل میں نہیں تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ خطوط میں انتھراکس یا کسی دوسرے زہریلے کیمیکل کے کوئی آثار نہیں ملے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تفتیشی ایجنسیوں کو حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے لفافوں پر انگلیوں کے نشانات ٹریس کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کو صوبائی دارالحکومت میں لگائے گئے اپنے نگرانی کرنے والے کیمروں کے ذریعے مشکوک خطوط بھیجنے والوں کو ٹریس کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں جاری تفتیش میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل شہزاد ندیم بخاری کی سربراہی میں سی ٹی ڈی کی ٹیم نے سراغ لگایا کہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کو خطوط راولپنڈی کے جنرل پوسٹ آفس سے بھیجے گئے ہیں۔تحقیقات سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ عدالت عظمیٰ اور ہائی کورٹس کے ججوں کو ان ’زہریلے‘ خطوط کی ترسیل کے بعد تحقیقاتی ٹیم یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہوئی کہ یہ خطوط راولپنڈی کے جنرل پوسٹ آفس سے بھیجے گئے تھے اور بھیجنے والے نے یہ تمام خطوط ایک پوسٹ باکس کے ذریعے ارسال کیے۔لیٹر باکس کی شناخت ہو گئی ہے لیکن بھیجنے والے کی شناخت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بھیجنے والے کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے اور متعلقہ حکام کو فوٹیج فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ پتہ لگانا مشکل ہے کہ یہ خطوط پوسٹ آفس میں کون لایا کیونکہ پرہجوم احاطے کے اندر کیمرے موجود نہیں تاہم تحقیقاتی ٹیم نے ملحقہ دفاتر اور عمارتوں کو اپنی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز شیئر کرنے کو کہا ہے۔ اسلام آباد اور پنجاب پولیس سمیت تمام تحقیقاتی ادارے ججز کو موصول ہونے والے دھمکی آمیز خطوط کے ارسال کردہ کندہ ملزمان کی شناخت کیلئے تمام جتن کر رہے ہیں تاہم انھیں تاحال اس حوالے سے کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔

Back to top button