پی ٹی آئی کا مذاکرات کی آڑ میں مقدمات ختم کروانےکامنصوبہ

حکومت کے ساتھ مذاکرات سے انکاری تحریک انصاف قیادت اب اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے حوالے سے بھی تذبذب کا شکار نظر آتی ہے۔ شہریار آفریدی صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہیں، عمران خان تین رکنی کمیٹی بناتے ہیں تاہم اسی دوران نام نہاد چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بیان داغ دیتے ہیں تحریک انصاف کا کسی سے بھی مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی پی ٹی آئی کے کسی بھی رکن کے پاس مذاکرات کا کوئی اختیار ہے۔ ہمارے کسی سے کوئی خفیہ یا ظاہری مذاکرات نہیں ہو رہے۔ اس کے ساتھ ہی حماد اظہر مذاکراتی عمل شروع کرنے سے پہلے شرائط عائد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ عمران خان اپنی رہائی سے پہلے اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات نہیں کرینگے۔ ان متضاد بیانات سے یہ تاثر ابھرا ہے کہ تحریک انصاف کے اندر ہی مذاکرات کو لے کر مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ مبصرین کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما مذاکرات کے معاملے پر تقسیم اور ابہام کا شکار ہیں۔ ’یہ مذاکرات نہیں صرف مقدمات سے نجات چاہتے ہیں۔‘ اسی لئے عمرانڈو حکومت سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ’پی ٹی آئی والے نجات دہندہ کی تلاش میں ہیں اور حکومت مذاکرت کرسکتی ہے لیکن نجات نہیں دلا سکتی۔‘
تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں کی سیاسی بیان بازی کے درمیان چند سوالات ابھرے ہیں کہ آخر عمران خان خود کیا چاہتے ہیں؟ کیا پی ٹی آئی مذاکرات کے معاملے پر اندرونی تقسیم کا شکار ہے؟ پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں کی بجائے فوج سے کیوں بات کرنا چاہتی ہے؟ اور ماضی کی طرح ایک بار پھر سیاسی نظام کی نفی کرتی پی ٹی آئی نے تقریباً ایک سال میں اپنی اس روش سے کیا سیکھا ہے؟
سینیئر صحافی و تجزیہ نگار مجیب الرحمان شامی کے مطابق پی ٹی آئی مختلف خیال کے لوگوں میں بٹی ہوئی ہے اور جب تک عمران خان رہا نہیں ہوں گے یا انھیں پارٹی معاملات میں حصہ لینے یا ملنے جلنے کی آزادی نہیں ہو گی پی ٹی آئی کے معاملات بہتر نہیں ہوں گے۔‘مجیب الرحمان شامی کی رائے میں ’عمران خان یہ چاہتے ہیں کہ ان کے مذاکرات اسٹیبلشمنٹ، آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ سے ہوں، اور وہ سیاسی رہنماؤں خصوصاً موجودہ حکومت سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتے ہیں، نہ ہی ایسا کوئی عندیہ ان کی جانب سے دیا گیا ہے۔‘وہ کہتے ہیں کہ ’جب تک عمران خان سیاسی حقیقتوں کو تسلیم نہیں کریں گے، سیاسی قوتوں کو تسلیم نہیں کریں گے تب تک مذاکرات کا معاملہ آگے نہیں چل سکے گا۔‘
دوسری جانب صحافی و تجزیہ نگار عاصمہ شیرازی کہتی ہیں کہ ’میرا نہیں خیال کہ پی ٹی آئی میں اس معاملے پر کوئی اختلاف ہے، بلکہ ان کی تو یکسوئی ہے کہ مذاکرات ہونے چاہیے اور صرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہونے چاہیے۔‘۔عاصمہ شیرازی کہتی ہیں کہ ’عمران خان یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ سیاسی قوتوں کے ساتھ بات نہیں کریں گے اور دوسری جانب وہ آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی کا نام لے کر ان پر الزامات لگاتے ہیں اور اس طرح سے وہ ایک ہی وقت میں فوج میں اہم عہدوں پر تنقید کر کے انھیں الگ کرتے ہیں اور اس طرح وہ مقتدر حلقوں پر اپنا دباؤ بڑھاتے ہیں کہ ان کے ساتھ بات چیت کی جائے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان اور پی ٹی آئی صرف اور صرف اسٹیبشلمنٹ کے ساتھ بات کرنا چاہتی ہیں جس کے لیے وہ دباؤ بڑھا رہے ہیں۔‘
مبصرین کا خیال ہے کہ عمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی جماعت کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ اسٹیبشلمنٹ کی وجہ سے ہو رہا ہے اور وہ اس کی وجہ سے ہی اقتدار سے محروم ہوئے ہیں۔ ان کے نزدیک ان کی جماعت حالیہ الیکشن بھی اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے ہی ہاری ہے، اس پس منظر کے باوجود تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے معاملات ٹھیک ہونے پر ہی تحریک انصاف کو سازگار ماحول مل سکے گا۔
مجیب الرحمان شامی کے مطابق عمران خان ’مقتدر حلقوں کو یہ یقین دلانے کی کوشش کریں گے کہ ان کا ان سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔‘’وہ موجودہ حکومت کو کٹھ پتلی حکومت سمجھتے ہیں اور ان کے خیال میں انھیں جو کچھ ملنا ہے وہ اسٹیبلشمنٹ سے ہی ملنا ہے۔ وہ صرف اسٹیبلشمنٹ کو ہی فریق سمجھتے ہیں۔‘
دوسری طرف عاصمہ شیرازی کی رائے ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے لیے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ’اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ مذاکرات نہیں کر رہی ہے۔‘
یہاں ایک پہلو گذشتہ سال نو مئی کو عسکری تنصیبات پر حملوں کا بھی ہے جس پر تحریک انصاف کے درجنوں کارکنان کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات زیرِ التوا ہیں۔مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ انتخابات کے بعد تحریک انصاف ایک مقبول جماعت ثابت ہوئی ہے۔ اس کے باوجود، عاصمہ شیرازی کہتی ہیں کہ تحریک انصاف ’اپنی مقبولیت اور عوامی طاقت کا استعمال ایک سیاسی جماعت کے طور پر نہیں کر رہی۔۔۔ ماضی میں بھی ہمیشہ تحریک انصاف نے مقبولیت سے زیادہ قبولیت کو اہمیت دی ہے اور اب بھی پی ٹی آئی اسی کیلئے کوشاں دکھائی دیتی ہے۔
