کیا تحریک انصاف پرپابندی لگنے والی ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی مستقبل خطرے میں پڑ گیا،قانون کے مطابق تیسری مرتبہ انٹرا پارٹی الیکشن میں ناکامی کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کو بطور جماعت ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔ اس پیشرفت بارے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن ایکٹ کی مسلسل خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشنز کو تین بار مسترد کیا، اب الیکشن ایکٹ میں دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کی گنجائش موجود نہیں لہٰذا تحریک انصاف کا سیاسی مستقبل خطرے میں ہے۔

کنور دلشاد نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق اس وقت تحریک انصاف کا کوئی عہدیدار نہیں اور الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں عمران خان کی پارٹی کا کوئی وجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو الیکشن ایکٹ کی دفعہ 202 کے تحت پارٹی کی از سرنو رجسٹریشن کروانا پڑے گی، تب تک سنی اتحاد کونسل اس کے متبادل کے طور پر کام کرے گی۔

خیال رہے کہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے اپنے مراسلے میں پی ٹی آئی کے حالیہ انٹرا پارٹی انتخابات پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پارٹی انتخابات کے بغیر جنرل کونسل، مرکزی مجلس عاملہ کے انتخاب اور اجلاسوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 5 سال سے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن ہی نہیں ہوئے تو مختلف پارٹی تنظیمیں کیسے کام کر رہی ہیں؟ اس معاملے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو بطور پارٹی ختم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیس کی حالیہ سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کو انتخابات میں اعتراضات پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔اس حوالے سے بیرسٹر گوہر کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان میں 175 سیاسی جماعتیں ہیں۔ کسی سیاسی جماعت نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے۔ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخاب الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کروائے تھے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، عمر ایوب اور شبلی فراز نے مشترکہ پریس کانفرنس میں الیکشن میں مبینہ بے قاعدگیوں کی شفاف انکوائری کیلیے کمیشن بنانے اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے الیکشن ریفارمز کیے جائیں۔ سپریم کورٹ میں ہماری پٹیشن کو جلد سے جلد سنا جائے اور جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات کروائی جائیں۔

Back to top button