ملتان: رحمان بابا ایکسپریس کی تمام بوگیاں پٹری سے اترگئیں، 5 مسافر جاں بحق

ملتان میں شیرشاہ پل کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اترگئیں،حادثے میں 5 مسافر جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔
ٹرین کراچی سے پشاور جارہی تھی کہ ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب ٹرین کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ٹرین کی رفتار تیز تھی،جس کی وجہ سے تمام بوگیاں الٹ گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ ٹرین حادثے میں 5 مسافر جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے ہیں۔حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کےمطابق زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیاگیا ہے۔
ایک مسافر نے بتایاکہ رحمان بابا ایکسپریس کا حادثہ صبح سوا 5 بجے پیش آیا۔ روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتےہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
