صنعتی ترقی اور کاروبار کے فروغ کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے : مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ صنعتی ترقی اور کاروبار کے فروغ کےلیے سازگار ماحول ضروری ہے،کوئی ملک بدلتےتقاضوں سے ہم آہنگ ہوئے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔
پنجاب انویشن فارویلیو اپرچیونٹی اینڈ ٹرانسفارمیشن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ صنعتی ترقی اور کاروبار کو فروغ دیےبغیر تیز رفتار معاشی پیشرفت ممکن نہیں۔کاروبار کےلیے صرف مالی وسائل،خصوصی اقتصادی زونز،ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں کمی یا توانائی کی لاگت جیسے مسائل حل کرنا کافی نہیں، بلکہ کاروباری طبقے کو درپیش دیگر مشکلات پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران کاروباری برادری کی شکایات اور مسائل حل کرنے کےلیے اقدامات کیے گئےہیں۔کاروبار کے فروغ کےلیے امن و امان کی بہترصورت حال انتہائی اہم ہے۔اگر ملازمین کو تنخواہ لےکر گھر جاتےہوئے لوٹ مار کا خوف ہو،یا صنعت کاروں کو اپنے کارخانوں سے اغوا اور بھتہ خوری کا خدشہ لاحق ہوتو ایسے ماحول میں کاروبار ترقی نہیں کرسکتا۔
مریم نواز نے کہاکہ صنعت کاروں اور ملازمین کو کام پر جانے اور کاروبار چلانے کےلیے تحفظ اور ذہنی سکون درکار ہے۔ایسے ماحول میں کاروبار ممکن نہیں جہاں روزانہ احتجاج ہوں،سڑکیں بند کی جائیں یا سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچایا جائے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف کو پنجاب میں میٹروبس،اورنج لائن اور گرین بس جیسے سفری منصوبوں کا کریڈٹ دیتےہوئے کہا کہ ان سہولتوں سے مزدور کم کرائے میں اپنے کام کی جگہوں تک پہنچ رہے ہیں۔ انہیں کاروباری طبقے کی جانب سے بھی بتایاگیا ہےکہ ان منصوبوں سے مزدوروں کو آمد ورفت میں آسانی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے فیروزپور روڈ کے صنعتی علاقے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وہاں قائم صنعتوں کو منتقل کرنے کے بجائے ایسے طریقے اختیار کیے جائیں جن سے صنعت اور ماحول دونوں کا تحفظ ممکن ہو۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں،تاہم محض انتباہ کےبعد فیکٹریاں بند یا پیداواری یونٹ سیل کرنا مناسب طریقہ نہیں۔فیکٹری بند ہونے سے پیداوار متاثر ہوتی ہے اور مزدوروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے۔
بلوچستان: سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 5 ڈرون مار گرائے
مریم نواز نے کہاکہ ماحول کا تحفظ ان کی ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ اسی فضا میں لوگ اور ان کے بچے سانس لیتے ہیں۔اس لیے صنعتوں کی نگرانی اور ماحولیاتی معیار پر عمل درآمد ضروری ہے،لیکن مسائل کا حل ایسا ہوناچاہیے جس سے کاروباری سرگرمیاں بھی جاری رہیں۔
مریم نواز کاکہنا تھاکہ پاکستان کے پاس نوجوانوں کی بڑی آبادی اور محنت کرنے والی افرادی قوت موجود ہے۔ضرورت اس امر کی ہےکہ اسے صنعتوں کی ضروریات کےمطابق تربیت دی جائے،کاروبار کےلیے سازگار ماحول فراہم کیاجائے اور روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کیےجائیں۔
