گورنر کا خیبرپختونخوا پولیس شہداء اور زخمیوں کےلیے ریلیف پیکج میں بڑے اضافے کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس کے شہداء اور زخمی اہلکاروں و افسران کےلیے ریلیف پیکج میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کے مطابق شہداء پیکج، کانسٹیبل سے انسپکٹر تک معاوضہ 1 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھاکر 1 کروڑ 70 لاکھ روپے کردیا گیا، جب کہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کا معاوضہ ایک کروڑ 60 لاکھ سے بڑھاکر ڈھائی کروڑ روپے کردیا گیا ہے۔
گریڈ 18 اور 19 کے شہداء کا معاوضہ 2 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھاکر 3 کروڑ روپے مقرر کیاگیا ہے، جب کہ گریڈ 20 اور زائد کے شہداء کا معاوضہ 2 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھاکر ساڑھے 3 کروڑ روپے کردیا گیا ہے۔
اسی طرح دوران ڈیوٹی زخمی اہلکاروں کا پیکج ایک لاکھ سے بڑھاکر 15 لاکھ روپے کردیا گیا اور مستقل معذوری کی صورت میں 50 لاکھ روپے دینےکی منظوری دےدی گئی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے بتایاکہ کانسٹیبل سے انسپکٹر تک شہداء کے ورثاء کو 5 مرلہ پلاٹ کے بجائے ایک کروڑ 80 لاکھ روپےدیے جائیں گے،ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کے ورثاء کےلیے رہائشی معاونت کی مد میں ڈھائی کروڑ روپےمنظور کرلیے گئے ہیں۔
انہوں نےبتایا کہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے پولیس شہداء کے ورثاء کو پلاٹ کے بجائے 7 کروڑ روپے دینےکا فیصلہ کیاگیا ہے، جب کہ پولیس اہلکاروں کی شریک حیات یا بچوں کی وفات کی صورت میں بھی 50 لاکھ روپے فراہم کیےجائیں گے۔

Back to top button