میر رضا کیس:جوڈیشل کمیشن نے جے آئی ٹی بنانےکی سفارش کردی

میر رضا علی کیس میں جوڈیشل کمیشن کی انکوائری رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق پولیس تفتیش میں سنگین کوتاہیاں ہوئیں، جوڈیشل کمیشن نے قصوروار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ اور فوجداری کارروائی کی سفارش کردی۔

جوڈیشل کمیشن نے میر رضا کیس کی رپورٹ 15 اکتوبر کو وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی۔

جوڈیشل کمیشن کے مطابق شواہد متاثر ہونےکے باعث میر رضا کیس کی سخت اور شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں پولیس کی تفتیش میں سنگین خامیوں، ناقص نگرانی اور پیشہ ورانہ کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔کمیشن نے تفتیش کے ابتدائی مراحل میں ممکنہ شواہد چھپانےکے پہلو کو بھی نظرانداز نہ کرنےکی سفارش کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے بروقت معلومات فراہم نہ کرنے سے عوامی قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ پشت سے لگنے والی گولی کا زخم قرار دیا گیا۔ رپورٹ میں پولیس کے خودکشی کے مؤقف اور میڈیکو لیگل شواہد کے درمیان تضاد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کمیشن کے مطابق ڈاکٹراسامہ شیخ کی دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ نے پہلی رپورٹ کے مشاہدات سے اختلاف کیا۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق میر رضا کی موت کے معاملے میں گولی کے زخم اور دیگر طبی شواہد اہم ہیں۔

میر رضا کیس میں ڈاکٹر اسامہ کےکردار  اور  پولیس تفتیش کے طریقہ کار پر انکوائری رپورٹ میں سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 9 اگست کو ڈاکٹر اسامہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں شریک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر اسامہ شیخ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی درخواست پر اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ڈاکٹر اسامہ پر دباؤ ڈالنےکے تاثر سے متعلق قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔ ڈاکٹر اسامہ شیخ پر دباؤ ڈالنےکے دعوے کی حمایت میں کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ وزیراعلیٰ سندھ کو اہم کیس پر سینئر پولیس افسران سے بریفنگ لینےکا اختیار حاصل ہے، تاہم شفافیت کے پیش نظر پولیس سرجن کو بھی بلایا جانا چاہیے تھا جو نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹر اسامہ کے حد سے زیادہ خود اعتمادی کے مظاہرے پر بھی تنقید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر اسامہ کا طرز عمل ایک طبی پیشہ ور کے شایان شان نہیں تھا۔ ڈاکٹر اسامہ کو میڈیکو لیگل ذمہ داریاں دینے سے پہلے کم از کم 2 سال کی سخت علمی اور عملی تربیت لازمی قرار دینےکی سفارش کی گئی۔

کمیشن نے ڈاکٹر اسامہ کے ممکنہ طور پر کسی کے زیر اثر ہونےکا خدشہ ظاہرکیا

انکوائری رپورٹ میں ڈاکٹر اسامہ کے ممکنہ طور پر کسی کے زیر اثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں ڈاکٹر اسامہ کے ممکنہ طور پر متاثر ہونے کے معاملے کی جامع اور حتمی تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے متعدد مقامات کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ اصل ڈی وی آر کے بجائے موبائل فون سے ریکارڈ کی۔ میر رضا کیس میں ڈیجیٹل شواہد کی تحویل اور محفوظ رکھنے کے طریقہ کار میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔اہم ڈیجیٹل شواہد کی وصولی اور منتقلی کا مکمل ریکارڈ موجود نہیں۔ میر رضا کے موبائل فون کی تحویل اور فارنزک جانچ کے عمل پر سوالات اٹھائےگئے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کے مطابق میر رضا کی ایپل واچ کو محفوظ رکھنے میں کوتاہی سے ڈیٹا کے حصول میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ پولیس کی جانب سے ڈیجیٹل شواہد میڈیا کو لیک کرنے کی نشاندہی کی گئی اور کہا گیا کہ مکمل تحقیقات سے پہلے پولیس کے نتائج میڈیا پر جاری کرنا پیشہ ورانہ معیار کے خلاف تھا۔

میر رضا کیس میں بلیک میلنگ یا انتقامی قتل کے امکان کو بھی مزید تحقیقات میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ جوڈیشل کمیشن نے مشتبہ گاڑیوں اور گیسٹ ہاؤس میں موجود افراد کی مزید تحقیقات پر زور دیا ہے۔

 

Back to top button