ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے بعد سلمان خان کی سکیورٹی بڑھادی گئی

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے حالیہ واقعے اور گینگسٹرز کی جانب سے ملنے والی سنگین دھمکیوں کے بعد سپر اسٹار سلمان خان کو سکیورٹی بھی مزید سخت کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کے روز ممبئی ائیرپورٹ آمد کے موقع پر سلمان خان کے گرد متعدد مسلح محافظوں کا پہرا تھا جبکہ ان کے ذاتی باڈی گارڈ شیرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر اداکار نے فوٹوگرافرز کے سامنے زیادہ دیر رکنے اور پوز دینے سے گریز کیا اور تیزی سے ائیرپورٹ کے اندر چلے گئے۔

خیال رہے کہ اتوار کے روز ممبئی میں فٹبال کھیلنے کے بعد گراؤنڈ سے باہر نکلتے وقت ٹائیگر شروف پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی۔

اس واقعے کے فوراً بعد جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھی انیل پنڈت کی جانب سے ایک مبینہ آڈیو کلپ گردش کرنے لگا جس میں اس نے اور ہرمن سندھو نے اس حملے کی مکمل ذمہ داری قبول کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس آڈیو پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے ٹائیگر شروف کو پہلے بھی وارننگ دی تھی۔

Back to top button