کے پی میں میں ایمرجنسی نہ لگنے کیلئےکوئی گنجائش باقی نہیں بچی،وزیرداخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نہ لگنے کے لیے اب کوئی گنجائش باقی نہیں بچی، آپ بتائیں کہ یہ معاملہ کس طرح ٹل سکتا ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے پوچھیں کہ میں نے اس معاملے سے بچنے کے لیے کس حد تک کوشش کی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کرلیا ہے، اور حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح بلا لیا گیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔
قبل ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ گورنر راج پورے صوبے میں لگے گا، اور ایمرجنسی شاید کچھ اضلاع میں لگے، پی ٹی آئی سے اب مزید کسی بات چیت کا امکان نہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر سہیل آفریدی نے کوئی غیرقانونی کام کیا تو وہ کوئی اتنا بڑا آدمی نہیں، سب گرفتار ہو سکتے ہیں۔ اس وقت پی ٹی آئی کے اراکین روپوش ہیں یا فرمائشی گرفتاریاں دے رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر پی ٹی آئی والے گورنر ہاؤس کے قریب آئیں گے تو ان کو ایسا سبق سکھاؤں گا کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔
