ٹک ٹاکر مسٹر پتلو شادی شدہ نکلا، بیوی سامنے آ گئی

سیالکوٹ میں اپنی شادی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مفرور ہو جانے والا معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو شادی شدہ نکلا ہے اور اس کے پہلی بیوی بھی منظرِ عام پر آگئی ہے۔ خاتون نے ایک ویڈیو میں اپنے شوہر پر چار سالہ ازدواجی رشتہ چھپانے، طلاق دینے، دوسری خواتین سے تعلقات قائم کرنے، ذہنی و جسمانی اذیت پہنچانے اور نجی ویڈیوز لیک کرنے کی دھمکیاں دینے جیسے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔ خاتون کا دعویٰ ہے کہ اس نے مسٹر پتلو کا تب ساتھ دیا تھا جب وہ مالی مشکلات کا شکار تھا، لیکن ٹک ٹاک پر شہرت اور دولت ملنے کے بعد اس کے رویے میں تبدیلی آگئی اور اس نے اپنی پہلی شادی کو ہی چھپانا شروع کر دیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ایک انٹرویو میں خود کو مسٹر پتلو کی پہلی اہلیہ قرار دینے والی خاتون نے بتایا کہ ان کی شادی انصر جٹ المعروف مسٹر پتلو سے 10 نومبر 2021 کو ہوئی تھی اور یہ ازدواجی رشتہ تقریباً چار سال تک قائم رہا۔ ان کے بقول یہ محض کاغذی شادی نہیں تھی بلکہ وہ باقاعدہ میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی گزار رہے تھے اور انہوں نے اپنے شوہر کے مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ تاہم پیسہ اور شہرت مل جانے کے بعد مسٹر پتلو نے اسے چھوڑ دیا اور غیر عورتوں کے پیچھے بھاگنا شروع کر دیا۔
یاد رہے کہ مسٹر پتلو کا شمار پاکستان کے ان ٹک ٹاکرز میں ہوتا ہے جنہوں نے سوشل میڈیا پر مزاحیہ ویڈیوز، منفرد انداز اور تفریحی مواد کے ذریعے شہرت حاصل کی اور کروڑوں روپے کما لیے۔ مسٹر پتلو کے نام سے پہچانے جانے والے انصر جٹ کی ویڈیوز کو بڑی تعداد میں صارفین دیکھتے اور شیئر کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر پتلو کی مقبولیت کے باعث ان کی نجی زندگی اور شادی کی تقریبات بھی توجہ کا مرکز رہی ہیں، تاہم اب سیالکوٹ کے المناک واقعے اور پہلی اہلیہ کے انکشافات کے بعد وہ ایک نئے تنازع میں گھر گئے ہیں۔
خاتون کے مطابق جب مسٹر پتلو مالی مشکلات کا شکار تھے تو انہوں نے ان کا ساتھ نہیں چھوڑا، تاہم ٹک ٹاک پر شہرت اور دولت حاصل ہونے کے بعد ان کے رویے میں تبدیلی آگئی اور وہ دوسری خواتین میں دلچسپی لینے لگے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مسٹر پتلو نے اپنی پہلی شادی کو چھپانا شروع کر دیا تھا اور جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اس شادی کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا تو انہیں ڈانٹ ڈپٹ اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی اہلیہ نے الزام لگایا کہ مسٹر پتلو نے انہیں دھمکی دی تھی کہ اگر انہوں نے اپنی شادی اور طلاق کے معاملے کو عوامی سطح پر اٹھایا تو دونوں کی نجی ویڈیوز لیک کر دی جائیں گی اور یہ ویڈیوز ان کے اہل خانہ کو بھی بھیج دی جائیں گی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ان ویڈیوز اس دور کی ہیں جب وہ پتلو کی اہلیہ ہوا کرتی تھیں، تاہم اپنی ویڈیوز لیک کرنے کی دھمکیوں کے باعث وہ طویل عرصے تک خاموش رہیں اور اپنی نجی زندگی کے بارے میں کسی سے بات کرنے سے گریز کرتی رہیں۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مسٹر پتلو نے انہیں طلاق کے بارے میں باقاعدہ آگاہ تک نہیں کیا اور وہ اب تک اس معاملے سے لاعلم تھیں۔ ان کے مطابق مسٹر پتلو انہیں چھوڑ کر دوسری خواتین سے تعلقات قائم کرتے رہے، جبکہ انہیں اپنی ازدواجی حیثیت اور مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورت حال سے دوچار رکھا گیا۔
خاتون نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس تمام صورت حال نے انہیں شدید ذہنی اذیت سے دوچار کیا اور وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے نیند کی گولیاں استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے علاج کا ریکارڈ برطانیہ میں موجود ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا پر زیرِ بحث نہیں لانا چاہتی تھیں، لیکن اب دوسری لڑکیوں کو ایسے تجربے سے محفوظ رکھنے کے لیے خاموشی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر پتلو کی پہلی اہلیہ کے یہ الزامات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب انصر جٹ المعروف مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب کے دوران سیالکوٹ کے فراز اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے سے دو افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے تھے۔
فیکٹریوں میں دھکے کھانے والا انصر ٹک ٹاک کنگ مسٹر پتلو کیسے بنا؟
اس واقعے کے بعد پولیس نے ٹک ٹاکر اور دیگر منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کے مطابق مسٹر پتلو واقعے کے بعد سے مفرور ہے، جبکہ اس مقدمے میں دیگر ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ یوں ایک طرف سیالکوٹ میں دو افراد کی موت کے واقعے میں مفرور پتلو کی تلاش جاری ہے تو دوسری طرف اس کی پہلی اہلیہ کے الزامات نے اس کی طے کردہ دوسری شادی کو بھی ایک نئے تنازع میں ڈال دیا ہے۔

One Comment