جب تک نیب ہے یہ ملک نہیں چل سکتا

مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ جب تک نیب ہے یہ ملک نہیں چل سکتا۔

احتساب عدالت کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا آج چوتھا سال ہے نیب کا کیس چل رہا ہے، چار سال سے جو لوگ ان عدالتوں میں ہیں ان کی زندگی مفلوج ہے، 10، 12 سال سے لوگ ان عدالتوں میں بیٹھے ہیں۔

انکا کہناتھا جہاں ناانصافی بڑھ جائے وہاں ملک نہیں چل سکتا، عمران نیازی اور جاوید اقبال چار سال لوگوں پر الزام لگاتے رہے، جو انصاف کے نظام کا سربراہ رہا ہو اسے اپنے اثاثوں کا جواب دینا ہو گا، جب تک نیب ہے یہ ملک نہیں چل سکتا۔

شاہد خاقان عباسی کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا میں حکومت میں نہیں ہوں، حکومتی پارٹی کا حصہ ہوں، میں کسی ٹاسک کا حصہ نہیں ،انرجی کے دو وزراء کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا ملک میں تیل کی قیمت بڑھنے کی ذمہ داری مفتاح اسماعیل کی نہیں ہے اور نا ہی میں مفتاح اسماعیل کے عمل کا ذمہ دار ہو۔

لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا پیٹرولیم لیوی 50 روپے ہونی چاہیے جو ابھی 35 روپے ہے، تیل کی قیمت کو ڈی ریگولیٹ کر دیں تاکہ مارکیٹ کے حساب سے قیمت کا تعین ہو۔

Back to top button