پاکستان کسی غیرملکی قوت کو اڈے نہیں دیگا

پاکستانی حکومت نے کسی بھی ملک کو غیرملکی اڈے فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہپاکستان کے امریکا اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے ساتھ قومی مفاد میں اپنے تعلقات کو مزید آگے بڑھائیں گے، پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز ہیں، ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے رابطے جاری رکھیں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی نیٹ ورک کئی دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں متحرک تھا۔ ماورائے عدالت قتل کا بھارتی نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، پاکستان نے بھارتی ایجنٹوں کے حملوں کے شواہد دنیا کے سامنے رکھے، بھارتی عمل غیرقانونی اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے، ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھارت کو اس کے اقدامات پر کٹہرے میں کھڑا کرے۔ فروری 2019ء میں تاریخ نے خود کو دہرایا، بھارتی قیادت سیاسی مقاصد کے لیے بیان دیتی ہے، بھارتی وزیر اعظم کے حالیہ بیان پر تبصرہ نہیں کروں گی۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان کی افواج اور عوام ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ترجمان نے کہا کہ کچھ دنوں میں مقبوضہ کشمیر کے کچھ علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے لوگ متاثر ہوئے ہیں جس پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کی زمین پر غیر قانونی قبضے کی مذمت کرتا ہے۔ دہشت گردوں کے افغانستان سے تعلق کی اطلاعات افغان حکام کو دی ہیں، پاکستان دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ۔ممتاز زہرہ بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گرد حملوں میں بھارتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے سے متعلق ٹھوس معلومات دی ہیں۔ بھارت پاکستانی نیشنلز پر حملوں میں ملوث ہے، پاکستان، چائنا، ایران سہ فریقی ڈائیلاگ ایک اہم فورم ہے، لیکن اس فورم کے ذریعے مذاکرات کے حوالے سے ابھی تواریخ طے نہیں کی گئیں۔
