ممنوعہ فنڈنگ کیس:شوکاز نوٹس پر پی ٹی آئی کے اعتراضات مسترد

الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں شوکاز نوٹس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اعتراضات مسترد کر دیے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کے اعتراضات پر سماعت کی، دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ تحریک انصاف نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، وہاں کیا فیصلہ آیا؟

پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے جواب دیا کہ ہائی کورٹ نے قرار دیا تھا کہ تحریک انصاف کا مؤقف سن کر فیصلہ کیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تحریک انصاف نے عبوری جواب دیا تھا، حتمی جواب کے لیے وقت مانگا ہے، 6 ہفتے کا وقت مانگا تھا، اب تو 6 ماہ گزر چکے ہیں، 6 ماہ سے کچھ نہیں ہوا، ایسے نہیں چلے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 2 اگست کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے زیر التوا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ ثابت ہوگیا کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی۔

فیصلے میں بتایا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کو امریکا، کینیڈا اور ووٹن کرکٹ سے ملنے والی فنڈنگ ممنوعہ قرار دی گئی ہے اور پی ٹی آئی نے دانستہ طور پر ووٹن کرکٹ لمیٹڈ سے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ تحریک انصاف نے عارف نقوی سمیت 34 غیر ملکیوں سے فنڈز لیے، ابراج گروپ، آئی پی آئی اور یو ایس آئی سے بھی فنڈنگ حاصل کی، یو ایس اے ایل ایل سی سے حاصل کردہ فنڈنگ بھی ممنوعہ ثابت ہوگئی۔

پیٹرول ریلیف پیکیج پرآئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا،مصدق ملک

Related Articles

Back to top button