ابرارالحق کا کترینہ کیساتھ کام کی آفر کا دعویٰ مضحکہ خیز قرار

معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان نے گلوکار ابرار الحق کی جانب سے بھارتی اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ کام کی آفر کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ روز ایسی مزیدار خبریں سننے کو ملتی ہیں۔مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ روز روز ایسی مزیدار خبریں سننے کو ملتی ہیں جن پر سمجھ نہیں آتا کہ ہنسا جائے یا رویا جائے۔ ابرار الحق کو کترینہ کیف کے ساتھ فلم آفر ہونے کی خبر ان کی نظر میں سال کا بہترین لطیفہ ہے۔انہوں نے تنقیدی انداز میں ابرار الحق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ فلم کون سے سال میں آفر ہوئی تھی اور انہوں نے تب اس بات کا کیوں نہیں انکشاف کیا اور انہوں نے انکشاف اتنی دیر بعد کیوں کیا؟ گلوکار کو چاہئے کہ ایسی باتیں نہ کریں جن پر یقین کرنا مشکل ہو جائے اور لوگ ہنس ہنس کر نیچے گر جائیں، مشی خان نے مشورہ دیا کہ ابرار الحق کو چاہئے کہ وہ چھوٹے چٹکلے چھوڑیں اتنے بڑے چٹکلے نہ چھوڑیں۔ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ کے دوران ابرار الحق نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ فلم کی آفر ہو چکی ہے جبکہ متعدد میوزک المبز میں بھی کام کرنے کی آفر ہوئی تھی لیکن انہوں نے منع کر دیا تھا، کنٹریکٹ میں شرط تھی کہ انہیں کشمیر اور دیگر موضوعات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کرنی، جو ملک آزادی اظہار پر یقین رکھے اسے ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، جس کی وجہ سے انہوں نے فلموں اور میوزک البم کی آفر قبول نہیں کی۔گلوکار نے کہا کہ جس بھارتی کمپنی سے انہیں فلم کی آفر ہوئی وہ بہت پرجوش تھے لیکن جب انہوں نے آفر قبول کرنے سے منع کر دیا تو کمپنی نے کہا کہ زندگی میں آج تک کسی شخص نے ان کی آفر کو قبول کرنے سے انکار نہیں کیا، وہ سمجھ رہے تھے کہ ابرارالحق فوراً آفر قبول کرلیں گے۔
