فیروز خان نے اداکاروں کے فون نمبرز کیوں لیک کئے؟

اہلیہ سے علیحدگی کے بعد عدالتی کارروائیوں کا سامنا کر رہے فیروز خان کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے فون نمبرز لیک کرنے کی حقیقت اداکار یاسر حسین نے آشکار کر دی ہے۔ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دران یاسر حسین نے انکشاف کیا کہ میری اہلیہ اقرا عزیز نے تشدد کا معاملہ سامنے آنے کے بعد فیروز خان کے ساتھ مزید کام سے انکار کر دیا تھا جس کا انتقام لینے کے لیے فیروز خان نے ہم دونوں کے نمبر اور ذاتی معلومات میڈیا میں شیئر کر دی تھیں۔
یاسر حسین نے مزید بتایا کہ انہیں تاحال ان کے فون پر کالز اور پیغامات موصول ہوتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے، فیروز خان نے اہلیہ پر تشدد کرنے کے الزامات لگانے والوں کو قانونی نوٹس بھیجا تھا جس کی تصویر انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی تاہم اس کی وجہ تمام فنکاروں کی نجی معلومات لیک ہو گئی تھیں۔
واضح رہے کہ معروف اداکار فیروز خان نے بدنام کرنے پر سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان سمیت متعدد شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے ان سے 15 دن کے اندر تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فیروز خان نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ ان کی قانونی ٹیم نے ان تمام شخصیات کو قانونی نوٹس بھیج دیا، جنہوں نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلائی۔
اسی حوالے سے فیروز خان کے وکیل فائق علی جاگیرانی نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے اداکار کی ہدایت پر ان کی سابق اہلیہ سمیت متعدد شوبز شخصیات کو بدنام کرنے کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔علیزے فاطمہ اور فیروز خان کے درمیان شادی کے 4 سال بعد ستمبر 2022 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں کے دو بچے ہیں، جو اس وقت والدہ کے پاس ہیں۔
دونوں کی طلاق ہونے کے بعد اکتوبر میں علیزے فاطمہ پر مبینہ تشدد کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے فیروز خان کے خلاف پوسٹس کرتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔فیروز خان نے تنقید کرنے والی تمام شخصیات کو کوئی جواب نہیں دیا تھا لیکن اب انہوں نے تمام افراد کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔