"کچا بادام” سے مشہور گلوکار کسمپرسی کی زندگی کیوں گزارنے لگا؟

https://youtu.be/XIRCRCuxHNI

چار دن کی چاندنی پھر اندھیری رات ہے، یہ کہاوت کچا بادام سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے مونگ پھلی فروش پر پوری اترتی ہے جو دوبارہ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گیا ہے۔

بھارت سے تعلق رکھنے والا بھبن بڈیاکر نہ تو اب اپنا گانا گا سکتا ہے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر گانے کو ہونیوالی آمدنی لے سکتا ہے کیونکہ ایک فرم نے اس کی کم علمی کا فائدہ اٹھا کر اُسے معمولی رقم دیکر گانے کے کاپی رائٹس خرید لیے ہیں۔

یاد رہے کہ بھبن بڈیاکار مشہور ہونے سے قبل اپنی گزر بسر کیلئے مونگ پھلی فروخت کرتے تھے اور گاہکوں کو متوجہ کرنے کیلئے وہ اپنا گانا کچا بادام گنگناتے تھے، ایک دن ایک گاہک نے ان کے گانے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

لوگوں کو بھبن کے گانے کی ویڈیو اتنی پسند آئی تھی کہ وہ نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں وائرل ہوئی اور بھبن دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ سینسیشن بن گئے۔ مشہور ریپ سنگر بادشاہ نے بھی بھبن بڈیاکر کے ساتھ گانا کچا بادام ریکارڈ کرایا جو کافی مقبول ہوا۔

بدقسمتی سے بھبن بڈیاکر کو ملنے والی شہرت دیرپا ثابت نہ ہوسکی اور اب وہ ایک بار پھر انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں اور روتے ہوئے مدد کی درخواست کرنے پر مجبور ہیں۔ وہ اب چھوٹی موٹی نوکری کرکے صرف چند ہزار روپے کما رہے ہیں اور اپنے خاندان کے مستقبل کو لیکر کافی پریشان ہیں۔

ایک انٹرویو میں بھبن بڈیاکر نے کہا کہ شہرت ملنے کے بعد انہیں اپنا گاؤں چھوڑنا پڑا کیونکہ لوگ ہر وقت ان کے پاس مدد کیلئے آتے تھے اور منع کرنے پر دھمکیاں دینے پر اتر آتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ابتک اپنے گاؤں نہیں جا سکے اور کرایہ کے گھر میں رہ رہے ہیں، آمدنی بہت کم ہے اور مجھے اندازہ نہیں ہے کہ معاملات کب تک ایسے ہی چلتے رہیں گے، بھبن بڈیاکر نے اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ دھوکہ دہی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ایک فرم نے مجھے صرف تین لاکھ روپے دیکر کاغذات پر دستخط کروائے اور میرے گانے کے کاپی رائٹس حاصل کرلیے۔

بھبن بڈیاکر نے کہا چونکہ میں پڑھا لکھا نہیں اس لیے مجھے معلوم نہیں تھا کہ کاغذ پر دستخط کر کے میں اپنے گانے کے کاپی رائٹس بیچ رہا ہوں۔ اب کمپنی والے مجھے کہہ رہے ہیں کہ میں اپنا گانا نہیں گا سکتا اور نہ ہی میں اُن سے فون پر بات کر پا رہا ہوں۔

ہندو کمیونٹی رنگوں کے تہوار ہولی کو کیسے مناتی ہے؟

Back to top button