رضوان کے بعد امام کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت

پی سی بی نے قومی بیٹر کو پریزیڈنٹ ٹرافی کے آخری راؤنڈ میں شرکت کی منظوری دے دی، اس سے قبل محمد رضوان کو بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل چکی ہے

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر امام الحق کو پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے، جس کے بعد وہ آخری راؤنڈ میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق امام الحق کل سے شروع ہونے والے آخری راؤنڈ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ او جی ڈی سی ایل نے بھی ان کی ٹیم میں شمولیت کی تصدیق کردی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے امام الحق کو کھیلنے کی اجازت دیے جانے سے متعلق او جی ڈی سی ایل کو آگاہ کردیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی تھی۔

واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے تحقیقات کے باعث پی سی بی نے امام الحق اور محمد رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے روک دیا تھا۔

قواعد کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے اپنی متعلقہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے تھے۔ محمد رضوان کو پریزیڈنٹ ٹرافی میں سوئی گیس ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا، جبکہ امام الحق او جی ڈی سی ایل کے کپتان نامزد ہوئے تھے۔

Back to top button