دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان

پی سی بی نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، 18 رکنی ٹیم کپتان بابراعظم، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس، محمد عامر ، محمد رضوان، محمد عرفان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان پر مشتمل ہوگی۔ حارث رؤف اور وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان انجری کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں حصہ نہیں لے پائے تھے جبکہ مڈل آرڈر بیٹر محمد عرفان خان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو نگل کی وجہ سے لاہور میں ہونے والے دونوں ٹی20 میچوں میں آرام دیا گیا تھا۔ان چاروں کرکٹرز کی فٹنس کا جائزہ منگل کی سہ پہر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لیا گیا جس میں نمایاں بہتری دکھائی دی ہے۔ اسی پیش رفت سے پی سی بی میڈیکل پینل اور ٹیم مینجمنٹ کو یہ اعتماد اور حوصلہ ملا کہ ان کرکٹرز کو سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا جائے۔ قومی سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس اسکواڈ کو تیار کرنا ایک مشکل کام تھا جس کا سبب غیرمعمولی ٹیلنٹ کا دستیاب ہونا ہے۔ مکمل غور و خوض اور کرکٹ کے مختلف پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد ہم نے ان 18 کھلاڑیوں کو حتمی شکل دی ہے۔ اسکواڈ میں بابر اعظم، فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب اور عثمان خان کی شکل میں ایک مضبوط ٹاپ آرڈر موجود ہے۔ اعظم خان، افتخار احمد اور محمد عرفان خان کے ساتھ ایک موثر مڈل آرڈر موجود ہے جبکہ عماد وسیم، شاداب خان اور سلمان علی آغا ورسٹائل آل راؤنڈرز ہیں ۔ پیس بیٹری محمد عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، حارث رؤف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے اور ابرار احمد کی اسپن صلاحیت بھی اسکواڈ کا حصہ ہے۔ ٹیم لاہور میں 4 سے 6 مئی تک تین روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 7 مئی کو ڈبلن کے لیے روانہ ہوگی۔
