ٹور ڈی فرانس ریس،کئی سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں

دنیا کی سب سے مشہور سائیکل ریس ‘ٹور ڈی فرانس’ میں مداح کی ایک غلطی کی وجہ سے سائیکلیں آپس میں بری طرح ٹکرا گئیں۔فرانس میں ہونے والی سائیکل ریس میں رائیڈرز کا  آپس میں ٹکرانا معمولی بات ہے لیکن اتوار کو  ریس کے 15 ویں مرحلے کے دوران سائیکلیں حیران کن طور پر ایک مداح کی وجہ سے آپس میں ٹکراگئیں۔   ریس کے 15ویں مرحلے کے دوران رائیڈرز اپنی منزل کی جانب گامزن تھے کہ فنش لائن سے 129 کلومیٹر پہلے ایک مداح تصویر کھینچنے کے لیے سڑک کے قریب آگیا اور رائیڈر سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے کئی سائیکلیں آپس میں ٹکراگئیں اور رائیڈرز زمین پر گرگئے۔

حادثے کے وقت ریس کے دوران جاری کمنٹری میں کمنٹیٹر کی جانب سے کہا گیا کہ کوئی سڑک کے قریب سیلفی لے رہا ہے،اسی درمیان رائیڈرز آپس میں ٹکرا گئے۔رپورٹس کے مطابق مداح سیلفی لینے کے لیے سڑک کے قریب آیا اور اس دوران اس کا ہاتھ ایک رائیڈر سے ٹکرایا اور سائیکل رائیڈر سمیت نیچے گری، جیسے ہی وہ زمین پر گری پیچھے سے آنے والی سائیکلیں بھی آپس میں ٹکراگئیں۔

رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد رائیڈرزکو فوراً طبی امداد دی گئی اور پھر وہ دوبارہ ریس میں شامل ہوئے۔سوشل میڈیا پرصارفین کی جانب سے ریس کے دوران حادثے پر غصے کا اظہار کیا گیا جبکہ ریس میں شامل ہونے والے رائیڈرز کی ٹیموں کی جانب سے مداحوں کو ریس کے دوران سڑک سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔

ا س سے قبل 2021 میں بھی ٹور ڈی فرانس ریس کے دوران ایک مداح کارڈ بورڈ اٹھاکر اچانک سڑک پر آگیا تھا جس کی وجہ سے کئی رائیڈرز ٹکرا گئے تھے۔

Back to top button