کینیڈا انتخابات : لبرل پارٹی کو واضح برتری حاصل، وزیراعظم مارک کارنی نے کامیابی کا اعلان کردیا

کینیڈین پارلیمانی انتخابات میں لبرل پارٹی کی جانب سے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کےبعد وزیر اعظم مارک کارنی نے انتخابات میں لبرل پارٹی کی کامیابی کا اعلان کردیا۔
خبر رسان ادارے مطابق لبرل پارٹی کی جانب سے رائے دہندگان کو یقین دلایاگیا ہے کہ معاشی بحرانوں سے نمٹنے کے اپنے تجربے کی وجہ سے وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کےلیے تیار ہیں۔
کینیڈا میں پارلیمانی انتخابات پر ووٹنگ صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہی جس میں شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
کینیڈا کے وزیر اعظم اور لبرل پارٹی کے امیدوار مارک کارنی اور کنزرویٹو پارٹی کے پیئر پولی ایو میں کانٹےکا مقابلہ متوقع تھا۔
343 کے ایوان میں اکثریت حاصل کرنےکےلیےکسی بھی پارٹی کو 172 نشستیں درکار ہوں گی۔
متعدد میڈیا اداروں نے دعویٰ کیا ہےکہ وزیراعظم مارک کارنی کی لبرل پارٹی نے کینیڈا کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
دعویٰ کیا گیا ہےکہ لبرل پارٹی کینیڈا کی اگلی حکومت تشکیل دےگی تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہےکہ آیا پارٹی کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہوئی ہےیا نہیں۔
اب تک کے نتائج کےمطابق لیبر پارٹی کے 114 امیدوار کامیاب ہوئےہیں اور 48 نشستوں پر برتری حاصل ہے جب کہ کنزرویٹو پارٹی کے 106 امیدوار کامیاب ہو چکے ہیں جب کہ 43 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
اس کےعلاوہ بلاک کیوبک کے 19 اور این ڈی پی کے 2 امیدواروں نے اب تک کامیابی سمیٹی ہے۔
یاد رہےکہ الیکشن سے پہلے لبرلز کے پاس 152 اور کنزرویٹوز کے پاس 120 نشستیں تھیں جب کہ Bloc Québécois کےپاس 33 اور این ڈی پی کے پاس 24 نشستیں تھیں۔
یہ الیکشن ایسےوقت ہوئےہیں جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا پر عائد ٹیرف ووٹرز کے ذہنوں پر سوار ہے۔ ساتھ ہی شہری علاقوں میں گھروں کی قیمتیں زیادہ ہونا،بےروزگاری کی شرح 6.7 فیصد ہونا اور ہیلتھ کئیر تک لوگوں کی رسائی میں دشواری سمیت دیگر مسائل بھی لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کیے ہوئے ہیں۔