چاغی میں 500سکوائر کلومیٹر پرمعدنیات کی تلاش کا لائسنس جاری

نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے چاغی میں کان کنی کا لائسنس حاصل کرلیا، کمپنی 500 اسکوائر کلومیٹر رقبے پر معدنیات تلاش کرے گی۔
نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں معدنیات کی تلاش کیلئے 500 اسکوائر کلومیٹر کا رقبہ لیز پر حاصل کرلیا۔ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے 2022ء کے شروع میں لیز کیلئے درخواست دی تھی اور اب تمام قانونی اور دیگر ضروری کارروائی کے بعد لیز جاری کی گئی ہے۔
نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فیزیبلٹی کے تحت نیشنل ریسورسز لمیٹڈ برآمد کرنے سے پہلے معدنیات کو ریفائن بھی کرے گی، نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے معدنیات کی تلاش کیلئے آپریشنز شروع کرنے کیلئے ماحولیاتی اور محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات سے این او سیز حاصل کرلی ہیں۔ این آرایل بورڈ نے ایکسپلوریشن پلان کی منظوری دے دی ہے، اس وقت عملی کام شروع کرنے کیلئے ایکسپلوریشن کے وسائل کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔
