لوئر چترال،شدید بارشوں کےبعدسیلابی ریلوں نے تباہی مچادی

حالیہ شدید بارشوں کے باعث لوئر چترال کے مختلف علاقوں میں فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔
دریائے چترال میں پھنسنے والے 3 افراد میں سے ایک کو نکال لیا گیا، جبکہ 2 کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق کریم آباد کے علاقے خیرچوم میں ایک جماعت خانہ کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ترجمان کے مطابق سیواہٹ کے مقام پر ایک رہائشی مکان اور ایک مویشی شیڈ متاثر ہوا ہے، تاہم خوش قسمتی سے وہاں بھی کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔شاشا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چترال گرام، چشمہ اور کریم آباد جانے والی مرکزی سڑک بند ہوگئی ہے، جس کے باعث آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ بروز گمباز میں فلیش فلڈ میں پھنس جانے والے شہری مختیار کو ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت نکال کر ان کے گھر منتقل کردیا۔
انہوں نے کہاکہ بروز گمباز گول میں متعدد گاڑیاں سیلابی ریلے کی زد میں آئی ہیں، تاہم متاثرہ گاڑیوں یا کسی ممکنہ جانی نقصان کے حوالے سے حتمی معلومات تاحال موصول نہیں ہوئیں۔
