ماجد جہانگیر دال چاول بیچنے پر کیوں مجبور ہوئے؟

بطور گلوکار شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے والے معروف کامیڈین ماجد جہانگیر ان فنکاروں میں شامل ہیں جن کو شہرت راتوں رات نہیں ملی تھی بلکہ اسکے حصول کے لیے انہوں نے سالہا سال بھرپور محنت اور لگن سے کام کیا۔ ماجد جہانگیر نے اپنا پہلا ٹی وی پروگرام معروف اداکار اور میزبان معین اختر کے ساتھ کیا تھا جس کا نام ’’سات رنگ‘‘ تھا، اسے پی ٹی وی سے نشر کیا گیا اور عوام میں کافی مقبول ہوا، اس پروگرام کے بعد ماجد جہانگیر نے مڑ کر نہیں دیکھا اور ان کی کامیابیوں کا سفر شروع ہو گیا۔ لیکن اس دوران انھوں نے گلوکاری کے میدان میں بھی طبع آزمائی جاری رکھی۔ جوں جوں کامیڈی میں ان کا سکہ چلنے لگا، ماجد جہانگیر موسیقی سے دور ہوتے چلے گئے، اور ایک وقت ایسا آیا کہ وہ مستقل طور پر کامیڈی سے جڑگئے۔

پھر 1980 کی دہائی میں وہ وقت بھی آ گیا جس کا ماجد جہانگیر کو لمبے عرصے سے انتظار تھا، پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی معروف کامیڈی سیریز ’’ففٹی ففٹی‘‘ نے انہیں اور ان کے ساتھی اداکار اسماعیل تارا کو شہرت کی کمال بلندیوں پر پہنچا دیا، عوام نے ان کے ٹیلنٹ کو خوب پذیرائی بخشی، 1985 تک ماجد جہانگیر نے اس ڈرامہ سیریز سے خوب نام کمایا۔

تاہم ففٹی ففٹی کے خاتمے کے بعد ماجد جہانگیر امریکہ چلے گئے جہاں انھوں نے اپنی زندگی کے 23 برس گزارے، لیکن انہوں نے امریکی شہریت حاصل نہیں کی، اس دوران وہ پاکستان آتے جاتے رہتے تھے، سال 2012 میں ماجد جہانگیر مستقل پاکستان واپس آ گئے اور شوبز میں دوبارہ کام کا آغاز کیا، انہوں نے مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کے ساتھ جیو ٹی وی کے پروگرام خبرناک میں بھی کام کیا۔ لیکن اس دوران ان پر فالج کا حملہ ہو گیا جسکے بعد حالات نے ایسا پلٹا کھایا کہ وہ کبھی دوبارہ عروج حاصل نہ کر سکے، ان کی صحت خراب رہنے لگی اور اس وجہ سے ان کی کام سے دوری ہوتی چلی گئی، ماجد کے مالی حالات بھی ٹھیک نہیں رہتے تھے، اس دوران کراچی کے رہائشی ہونے کے باوجود ماجد نے فاقوں سے تنگ آکر لاہور میں سکونت اختیار کرلی۔ اس دوران نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ماجد جہانگیر کے علاج معالجے کا بندوبست کیا اور انہیں 25 لاکھ روپے کی امداد دی جس سے انھوں نے "ففٹی ففٹی دال چاول” کے نام سے ہوٹل کھول لیا۔

ماجد جہانگیر کی کوئی اولاد نہیں تھی، انھوں نے کامیاب ازدواجی زندگی گزاری، ان کی اہلیہ صبا ماجد نے ہر مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیا، وہ ہوٹل کے لیے دال چاول تیار کرتیں اور پک اینڈ ڈراپ میں بھی مدد کرتیں، اس دوران ماجد جہانگیر کو ’’ففٹی ففٹی‘‘ کامیڈی سیریز میں یادگار کارکردگی پر پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ 2020 میں ان کو تمغہ امتیاز بھی عطا کیا گیا۔ لیکن اسی برس ماجد جہانگیر کو تب اپنی زندگی کا سب سے بڑا صدمہ اٹھانا پڑا جب ان کی شریک حیات صبا ماجد اچانک انتقال کر گئیں، اپنے جیون ساتھی کے چلے جانے کے بعد ماجد کی زندگی بہت مشکل ہو گئی تھی۔ ان کا ففٹی ففٹی دال چاول ہوٹل بھی بند ہوگیا اور ابتر مالی حالت نے ان کے لیے سنگین مسائل پیدا کر دیے۔ سال 2022 میں فالج کے شکار ماجد سوتے ہوئے بیڈ سے گر گئے جس سے ان کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہو گیا جو بالآخر جان لیوا ثابت ہوا، اس طرح شوبز کی دنیا کا یہ جگمگاتا ستارہ 10 جنوری 2023 کو شوبز کے اُفق سے ہمیشہ کے لیے غائب ہوگیا۔

لوگوں کو طلاق کے بعد ہمارے تعلقات پر اعتراض کیوں ہے؟

Back to top button