بنوں میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 24 خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ کارروائیوں کے دوران 24 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں ضلع میں حالیہ دہشت گرد حملوں، پولیس پر ہونے والی کارروائیوں اور گاڑی میں نصب خودکش بم دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے وسیع پیمانے پر مشترکہ آپریشنز شروع کیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور گردونواح میں مختلف مقامات پر شدید فائرنگ کے تبادلوں کے بعد بھارتی پراکسی ’’فتنہ الخوارج‘‘ سے تعلق رکھنے والے 24 خوارج ہلاک کیے گئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے اور ان حملوں کے ذمہ داروں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آج کے اتحادی حکمران کل کو اکٹھے جیل میں کیوں ہوں گے؟
بیان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے ویژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے تا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
