اداکارہ مشی خان نے اداکارہ عفت عمر کی کلاس کیوں لی؟

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مشی خان نے خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی اداکارہ عفت عمر کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا ہے کہ مظاہروں اور احتجاج میں خواتین کے ساتھ ہونے والی بدتمیزی، بدسلوکی پر آواز بلند کیوں نہیں کر رہی۔
اداکارہ نے معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کافی وقت سے اداکارہ عفت عمر کو ڈھونڈ رہی ہوں، کیونکہ عفت عمر سے مجھے چند سوالات کے جوابات چاہئے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وائرل ویڈیو میں اداکارہ مشی خان ساتھی اداکارہ عفت عمر کو مخاطب کرتے ہوئے اہم مسئلے کی طرف توجہ مبذول کرانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ مشی خان اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے نتیجے میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں خواتین کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر عفت عمر سے سوال کر رہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ مشی خان، عفت عمر کو مخاطب کرکے کہتی ہیں کہ ’کہاں غائب ہوگئی ہو؟ اب کیوں خاموش ہو؟ بہت مصروف ہوگئی ہو ایک دم سے، یہ جو بیچاری عورت ہے جس کو 50 آدمی یونیفارم میں گھسیٹ رہے ہیں اسے زدوکوب کر رہے ہیں یہ نظر نہیں آئی۔
انہوں نے عفت عمر کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’یوں تو خواتین کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتی ہو اب اس کے حق میں کیوں نہیں بول رہی ہو یا صرف چند مخصوص خواتین کے لئے آواز بلند کرتی ہو؟
انہوں نے عفت عمر کو صلاح دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر خواتین کے لئے آواز بلند کرنا ہے تو سب کے لئے کرو، صرف ’’ہاٹیز‘‘ خواتین کے لیے کیوں بولتی ہو، یار کچھ شرم کرو، تمام خواتین ایک ہی عزت و احترام کی حامل ہیں، سب سے ایک جیسا سلوک کرو، کوئی شرم کرو، اپنا کام کرو۔
