سعودی ولی عہد 18 نومبر کو صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے

وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 18 نومبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب صدر ٹرمپ سعودی عرب کو ابراہم معاہدوں (Abraham Accords) میں شامل ہونے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 2020 میں ٹرمپ انتظامیہ نے متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش کے ساتھ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کیے تھے۔

سعودی عرب نے اب تک اس عمل میں باضابطہ شمولیت سے گریز کیا ہے، اس مؤقف کے ساتھ کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے بغیر کسی معاہدے میں شامل ہونا ممکن نہیں۔

اتوار کو نشر ہونے والے سی بی ایس کے پروگرام "سکسٹی منٹس” میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سعودی عرب بالآخر ابراہم معاہدوں کا حصہ بن جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے رواں ماہ کے آغاز میں بھی امید ظاہر کی تھی کہ معاہدے میں مزید توسیع ہوگی اور سعودی عرب بھی اس میں شامل ہوگا۔ اگست میں انہوں نے زور دیا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کو بھی اس معاہدے میں شامل ہونا چاہیے۔

ٹرمپ اور ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں امریکا اور سعودی عرب کے مابین ایک نئے دفاعی معاہدے پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق، دونوں ممالک اس دورے کے دوران کسی ممکنہ دفاعی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے خواہاں ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ "یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ ولی عہد کے دورے کے موقع پر کوئی معاہدہ دستخط کے لیے تیار ہو، تاہم تفصیلات پر ابھی کام جاری ہے۔”

ذرائع کے مطابق، سعودی عرب امریکا سے باضابطہ دفاعی ضمانتیں اور جدید امریکی ہتھیاروں تک براہ راست رسائی چاہتا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب امریکا سے اسلحہ خریدنے والے سب سے بڑے ممالک میں شامل ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعلقات تیل کی فراہمی اور امریکی سیکیورٹی کی یقین دہانی پر استوار ہیں۔

مئی میں ٹرمپ کے ریاض دورے کے دوران امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تقریباً 142 ارب ڈالر مالیت کے اسلحے کی فروخت کا معاہدہ طے پایا تھا۔ اس موقع پر ولی عہد محمد بن سلمان نے 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا، جس پر صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ "یہ سرمایہ کاری 10 کھرب ڈالر ہونی چاہیے۔”

Back to top button