آزاد کشمیر انتخابات: ایم کیو ایم کا مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان

ایم کیو ایم نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مشترکہ حکومت سازی پر اتفاق کرلیا۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کے ساتھ کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے اعلان کیا ہےکہ ایم کیو ایم آزاد کشمیر میں مقیم مہاجرین کی نشست پر ن لیگ کے امیدوار کی مکمل حمایت کرےگی،جس سے دونوں جماعتوں کا مشترکہ امیدوار باآسانی کامیابی حاصل کرےگا۔
سینیئر رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ ایم کیو ایم کی امیدوار سیدہ صائمہ فرید جو کہ پچھلے 3 ماہ سے انتخابی مہم چلارہی تھیں، انہوں نے پارٹی کے فیصلے کو تسلیم کرتےہوئے ن لیگ کے امیدوار سردار نعیم کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔فاروق ستار نے سردار نعیم کو پیشگی مبارکباد دیتےہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں جماعتوں کا یہ اتحاد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی راہ ہموار کرے گا اور وہاں بھی ایک مؤثر شراکت داری قائم ہوگی۔
جب کہ مسلم لیگ ن کے وفد نے بھی آزاد کشمیر میں مشترکہ فیصلوں اور حکومت سازی میں ایم کیو ایم کو شامل رکھنے پر اتفاق کیا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے ۲ اہم مطالبات پر زور دیتےہوئے کہاکہ آرٹیکل 140 اے کے تحت مقامی حکومتوں سے متعلق آئینی ترمیمی بل اور سندھ میں گورنر شپ ایم کیو ایم کا بنیادی حق اور دیرینہ مطالبہ ہیں۔کابینہ میں اس آئینی بل پر مکمل اتفاق رائے موجود ہے اور اسے جلد اسمبلی میں پیش کرکے پاس کرایا جائے گا۔ گورنر شپ سے متعلق انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا مینڈیٹ ایم کیو ایم کے پاس ہے،اس لیے عوامی گورنر کی واپسی کےلیے ن لیگ کی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ یہ سیاسی اتحاد مزید مستحکم ہوسکے۔
مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیو ایم قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار سردار نعیم کی حمایت اور ایم کیو ایم کی امیدوار کا دستبردار ہونا دونوں جماعتوں کے مضبوط اتحاد کا ثبوت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بشیر میمن نے کہا کہ آج سے ہی دونوں جماعتیں مل کر ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائیں گی اور ایم کیو ایم کی امیدوار سیدہ صائمہ فرید ہمارے امیدوار سردار نعیم کی کامیابی کےلیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے دیگر مطالبات پر بات کرتےہوئے کہاکہ آرٹیکل 140 اے کا آئینی بل پہلے ہی کابینہ میں منظور ہوچکا ہے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائےگا۔
گورنر شپ کے مسئلے پر گفتگو کرتےہوئے رہنما مسلم لیگ ن بشیر میمن کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم اور ن لیگ کا اتحاد اور انڈرسٹینڈنگ اتنی مضبوط ہےکہ ہمارا گورنر ہو یا ان کا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔بات چیت اور مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور ایم کیو ایم کے تمام تحفظات اور مطالبات کو اعلیٰ قیادت کے سامنے انتہائی سنجیدگی کے ساتھ رکھا جائے گا۔
