شادی کے سوال پر نیلم منیر غصے میں کیوں آگئیں؟

اداکارہ نیلم منیر نے بار بار شادی کا سوال کرنے والے صحافی کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو میری شادی کی فکر کیوں پڑی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر اداکارہ نیلم منیر کی ایک مختصر سی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کسی ایوارڈ شو کے دوران شادی سے متعلق پوچھے جانے والے سوالات سے تنگ نظر آ رہی ہیں۔

اس وائرل ویڈیو میں صحافی نے اداکارہ سے سوال کیا جس کے جواب میں اداکارہ نیلم منیر صحافی پر برس پڑیں اور کہا کہ "آپ لوگوں کو میری شادی کی اتنی پرواہ کیوں ہے؟ مجھے کوئی ٹینشن نہیں ہے، میں ابھی کام کرنا چاہتی ہوں، نہ کرو ایسے سوالات ابھی۔

واضح رہے کہ 31 سالہ نیلم منیر کی شادی سے متعلق متعدد بار افواہیں سرگرم رہ چکی ہیں مگر وہ ہر بار ان افواہوں کی تردید کر دیتی ہیں، ایک تقریب میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا تھا کہ میری شادی کی خبر مداحوں کو اچانک ہی سننے کو ملے گی اور میں شادی سادگی سے کروں گی۔

2021 میں بھی ان کی شادی کی افواہیں پھیلائی گئی تھیں اور انہوں نے اس وقت بھی ایسی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔ ماضی میں نیلم منیر نے شادی اور محبت کے حوالے سے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ شادی سے قبل محبت کرنے یا تعلقات بڑھانے پر یقین نہیں رکھتیں۔

نیلم منیر نے کہا تھا کہ وہ شادی سے قبل کسی طرح کی محبت اور ملاقاتوں پر یقین نہیں رکھتیں کیوںکہ ان کے خیال میں یہ بہت عجیب معاملہ ہے کہ شادی سے قبل لڑکی کو کسی کے لیے سجنا، سنورنا اور تیار ہونا پڑے۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ ایسے شخص سے شادی کریں گی جو اپنے اہل خانہ اور خاص طور پر والدہ اور بہنوں کے علاوہ دوسرے لوگوں کی بھی عزت کرتا ہو۔

اداکارہ گاڑی میں بھارتی گانے پر ڈانس کرنے پر بھی سوشل میڈیا صارفین کے زیر عتاب رہ چکی ہیں، اس ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے تھے، انہوں نے اداکارہ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر نیلم منیر نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم ایک ٹی وی شو میں انہوں نے اس پر کھل کر بات کی اور کہا تھا کہ جیسے ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہوئی مجھے کچھ سمجھ نہیں آئی کہ کیا کروں، میں نے توقع نہیں کی تھی کہ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کا ردعمل کچھ اس طرح سے آئے گا۔

بشریٰ انصاری کی خوبصورتی کا راز سامنے آ گیا

Back to top button